شب معراج آپ ﷺ کو دیدار حق نصیب ہوا: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری
معجزہ ازلی صداقت، عطائے رب جلیل اور پیغمبرانہ جلال کا آئینہ دار ہوتا ہے
پروفیسر ڈاکٹر حسین قادری 16 جنوری کو معراج النبیؐ کانفرنس سے خطاب کریں گے
لاہور(15 جنوری 2026) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سفرمعراج کائنات کا سب سے عظیم سفر اور دیگر معجزات کی طرح اللہ رب العزت کی قدرت کاملہ کا مظہر ہے۔ سفر معراج عالم بیداری میں ہوا، معجزہ ایک ازلی صداقت، عطائے رب جلیل اور پیغمبرانہ جلال کاآئینہ دار ہوتا ہے، انسانی ذہن سفر معراج کی جزئیات کا احاطہ نہیں کر سکتا، سفر معراج کے دوران حضور نبی اکرمؐ نے ان گنت عجائبات کا مشاہدہ فرمایا جن کی تفصیلات احادیث کی ہزار ہا کتب میں پھیلی ہوئی ہیں۔
حضور نبی اکرمؐ کی ذات کو یہ شرف اور امتیاز حاصل ہے کہ انہیں معراج کی شب مشاہدہ و دیدار حق نصیب ہوا جبکہ دوسرے اہل ایمان کو یہ سعادت آخرت میں نصیب ہو گی، احادیث مبارکہ میںہے کہ آپؐ کو جنت، دوزخ اور احوال آخرت کا مشاہدہ کروایا گیا جبکہ باقی سب کو ان کا چشم دید مشاہدہ موت کے بعد کروایا جائے گا۔ عالم بیداری میں معجزہ معراج کا انکار اللہ رب العزت کی قدرت کاملہ کا انکار ہے، واقعہ معراج کو قرآن نے اول تا آخر خدائے لم یزل کی قدرت کاملہ قرار دیا ہے، اسی لئے قرآن نے سفر معراج کی حقیقت کو ’’سبحان الذی‘‘ سے شروع کیا تاکہ سننے والوں کے ذہنوں میں کوئی غلط فہمی باقی نہ رہے۔سفر معراج کادعویٰ کسی بشر کی طرف سے ہوتا تو سوال اٹھ سکتے تھے مگرمعراج کروائے جانے کا دعویٰ اللہ رب العزت کی طرف سے ہے جو عظیم و برتر اور ہر نقص سے پاک ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض کا کہنا ہے کہ واقعہ معراج کا تعلق حالت خواب سے ہے، اگر یہ سفر حالت خواب میں ہوتا تو کفار و مشرکین مکہ اسے ماننے سے کبھی پس و پیش نہ کرتے، ان کا تو انکار ہی اس بنا پر تھا کہ حضورؐ کا اپنے جسم اطہرکے ساتھ مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ اور افلاک پر جانا ان کی عقل و فہم سے بالاتر تھا، خوابی کیفیات پر انہیں کیا اعتراض ہوسکتا تھا۔
دریں اثنا تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ’’معراج النبی ﷺ کانفرنس‘‘ اور ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی ﷺ کی روحانی تقریب 16 جنوری بروز جمعۃ المبارک مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں بعد نمازِ عشاء منعقد ہوگی۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری ’’معراج النبی ﷺ کانفرنس‘‘سے خصوصی خطاب کریں گے۔


















تبصرہ