سفرمعراج کا سب سے بڑا تحفہ نماز ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

نماز کوئی رسمی عبادت نہیں بلکہ اللہ سے ملاقات کی کھڑکی ہے، معراج النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب

dr hussain qadri meraj-un-nabi conference address

لاہور (19 جنوری 2026) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ جمہور علمائے اہلِ سنت کا متفقہ عقیدہ ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ کو معراج حالتِ بیداری میں جسم و روح کے ساتھ نصیب ہوا اور اللہ رب العزت کا دیدار عطا ہوا۔ آپ ؐ انسانیت کے نمائندہ ہیں اور آپ کو دیدار الہیٰ کا نصیب ہونا ایک ایسی فضیلت ہے جس کی کوئی اور نظیر پیش نہیں کی جا سکتی۔ جسمانی و روحانی دونوں اعتبار سے معراج کا معجزہ رونما ہوا۔ اس عقیدے پر صدیوں سے امتِ مسلمہ کے جلیل القدر علماء کا اجماع چلا آ رہا ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کے شک و شبہ کی گنجائش نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ’’معراج النبی ﷺ کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نےکہا کہ یہ عظیم الشان واقعہ ماہِ رجب المرجب میں پیش آیا۔ حضور نبی اکرم ﷺ مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تشریف لے گئے جہاں تمام انبیائے کرام علیہم السلام سے ملاقات ہوئی اور اس روحانی اجتماع کی امامت حضرت ابراہیم علیہ السلام نے فرمائی۔ بعد ازاں حضور ﷺ کو ساتوں آسمانوں، بیت المعمور، جنت و دوزخ کا مشاہدہ کرایا گیا، جبکہ مقامِ لامکاں پر حضور ﷺ نے تنہا وہ سفر طے فرمایا جہاں راز و نیاز کی وہ کیفیات ہوئیں جن کا ادراک انسانی عقل کے لیے ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی موقع پر اللہ تعالیٰ نے امتِ مسلمہ کو نماز جیسا عظیم تحفہ عطا فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ ہر نبی کو اس کے دور کے علم و شعور کے مطابق معجزات عطا کیے گئے، مگر چونکہ حضور نبی اکرم ﷺ آخری نبی ہیں اور آپ ﷺ کی نبوت قیامت تک باقی رہے گی، اس لیے اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو قرآنِ مجید اور معراج جیسے ہمہ گیر اور دائمی معجزات عطا فرمائے جنہیں کوئی سائنس یا عقل چیلنج نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ معراج کا سب سے بڑا عملی پیغام نماز ہے۔

نماز کوئی رسمی عبادت نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ سے ملاقات کی وہ کھڑکی ہے جو دن میں پانچ مرتبہ کھلتی ہے۔ ایک مؤمن کی حقیقی معراج نماز ہے جہاں بندہ تنہا اپنے رب کے حضور کھڑا ہو کر قربِ الٰہی حاصل کرتا ہے۔

کانفرنس میں ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ علامہ محمد عاصم مخدوم، ممبر اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر مفتی محمد انتخاب نوری، انجینئر محمد رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس قادری، نور اللہ صدیقی، ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری، راجہ زاہد محمود قادری سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء، قائدین، خواتین، کارکنان اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top