منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے وفد کا نیشنل ڈیزاسٹرہیڈ کوارٹرز کا دورہ

وفد کی انجینئر ثنا اللہ خان کی قیادت میںچیئرمین میجر جنرل انعام حیات سے ملاقات
ویلفیئر رضاکاروں کوہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور پیشگی تیاریوں کے ضمن میں بریفنگ دی گئی

minhaj welfare foundation delegation visit national disaster headquarters

لاہور (22 جنوری 2026)منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن (MWF) کے وفد نے ڈائریکٹر آپریشنز، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان انجینئر ثناءاللہ خان کی قیادت میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں وفد نے چیئرمین این ڈی ایم اے میجر جنرل انعام حیات سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سپر فلڈ 2025 کے دوران متاثرہ علاقوں میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے بروقت، منظم اور مؤثر فلاحی و امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جنہیں این ڈی ایم اے کی جانب سے سراہا گیا۔ اس موقع پر منیجر ٹریننگ این ڈی ایم اے وسیم ملک نے وفد کو ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن (DRR) اور ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ (DRM) کے حوالے سے جامع بریفنگ دی، جس میں قدرتی آفات سے قبل تیاری، دورانِ آفت فوری اور مؤثر ردِعمل اور بعد از آفت بحالی کے مربوط نظام پر روشنی ڈالی گئی۔ ادارہ جاتی رابطہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی اہمیت پر بھی گفتگو کی گئی۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے وفد نے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (NEOC) کا تفصیلی دورہ بھی کیا، جہاں انہیں ملک بھر میں ہنگامی صورتحال کی نگرانی، بروقت معلومات کے تبادلے اور فوری اقدامات کے قومی نظام سے آگاہ کیا گیا۔ وفد نے این ڈی ایم اے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور انتظامی نظم کو سراہتے ہوئے مستقبل میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور اشتراکِ عمل کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے میجر جنرل انعام حیات نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی فلاحی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران سول سوسائٹی اور فلاحی ادارے ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپر فلڈ 2025 کے دوران منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے متاثرین کی بحالی، راشن کی تقسیم، طبی امداد اور بنیادی ضروریات کی فراہمی میں قابلِ قدر خدمات انجام دیں، جو قابلِ ستائش ہیں۔ ڈائریکٹر آپریشنز، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان انجینئر ثناءاللہ خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی تمام فلاحی و امدادی سرگرمیاں بانی و سرپرستِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی فکر، رہنمائی اور انسانیت دوستی کے وژن کی عملی تعبیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ہمیشہ آفات و بحرانوں میں بلا امتیاز انسانیت کی خدمت کو اولین فریضہ قرار دیا اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اسی فکر کے تحت متاثرین کی فوری بحالی، امداد اور عزتِ نفس کے تحفظ کو مقدم رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپر فلڈ 2025 کے دوران منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ متاثرہ علاقوں میں منظم انداز میں راشن کی تقسیم، طبی سہولیات، صاف پانی اور بحالی کے اقدامات یقینی بنائے۔

انجینئر ثناءاللہ خان نے این ڈی ایم اے کے ساتھ تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بھی قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی اشتراک، پیشگی تیاری اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے مشترکہ حکمتِ عملی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ اور بروقت امداد یقینی بنائی جا سکے۔ وفد میں ڈپٹی ڈائریکٹر پروگرامز، MWF پاکستان منصور قاسم اعوان، زونل نگران، MWF اسلام آباد محمد حفیظ اعوان اور منیجر والنٹیئرز، MWF پاکستان عمران اقبال سمیت دیگر شامل تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top