منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیراہتمام ایجوکیشن فار آل سیمینار میں پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا خصوصی خطاب

ہانگ کانگ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر اور ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز، منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیرِ اہتمام پاکستان کلب میں منعقدہ ایجوکیشن فار آل سیمینار میں خصوصی شرکت کی اور “منہاج القرآن کی تعلیمی اور فلاحی خدمات” کے موضوع پر خطاب کیا۔
سیمینار میں صدر منہاج ایشین کونسل عبد الرسول بھٹی، مینیجنگ ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فیصل حسین مشہدی، صدر منہاج القرآن کوئینز لینڈ آسٹریلیا میاں محمد واثق، سعید الدین، الیاس ایلیکس، ڈاکٹر رضوان اللہ، علامہ احمد جمال ناصر، ندیم حسین، کمیونٹی لیڈرز اور علماء کرام نے خصوصی شرکت کی۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی کے قیام کا بنیادی مقصد انسانی وسائل کی ترقی (Human Resource Development) کی اس اہم ضرورت کو پورا کرنا ہے جس کی پاکستان کو اشد ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ٹیکنیکل اور پیشہ ورانہ شعبوں میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے، مگر اس کے لیے معیاری تعلیمی و تربیتی اداروں کا قیام ناگزیر ہے۔ اُن کے مطابق جہالت انتہاپسندی کو جنم دیتی ہے، جو مختلف محاذوں پر نمایاں طور پر نظر آتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت 247 جامعات موجود ہیں، تاہم تعلیم کا معیار کم اور تربیت کا شدید فقدان ہے۔ چند ادارے اس وسیع خلا کو پُر نہیں کر سکتے۔ اُنہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تعلیمی اداروں میں ہماری نمائندگی نہایت کم ہے، جب کہ نمائندگی میں اضافہ ہی قوم کی عالمی سطح پر اہمیت کا باعث بنتا ہے۔ موجودہ صورتِ حال میں ملک میں معیاری تعلیم کی ضروریات کا تقریباً 60 فیصد نجی شعبہ جبکہ 40 فیصد سرکاری ادارے پورا کر رہے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بتایا کہ گزشتہ 40 برسوں کے دوران منہاج یونیورسٹی لاہور سے 50 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد وہاں منہاج یونیورسٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اُن کے مطابق منہاج یونیورسٹی محض ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ ایک سوچ، نظریہ اور تحریک کا نام ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں منہاج یونیورسٹی کے قیام کا مقصد انتہاپسندی کا خاتمہ اور ایک پُرامن معاشرے کا قیام ہے۔ منہاج یونیورسٹی لاہور پاکستان میں موجود تعلیمی خلا کو مؤثر انداز میں پُر کر رہی ہے۔ یہاں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو اپنے اپنے مذاہب میں ڈگری حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ School of Religion & Philosophy اور School of Peace and Counter Terrorism جیسے جدید اور منفرد شعبہ جات کے قیام نے پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے۔ اسی طرح Maritime Affairs اور Islamic Banking and Finance کے شعبہ جات قائم کیے گئے ہیں، جہاں ایم فل اور پی ایچ ڈی سطح کی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔
سیمینار میں سرپرست منہاج القرآن ہانگ کانگ حاجی قمر الزمان منہاس نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا، قاری محمد عثمان الترازی نے تلاوتِ قرآنِ مجید اور علامہ قاری صابر حسین صابری نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی، جب کہ نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل محمد حفیظ نے نظامت کے فرائض سرانجام دیے۔


























تبصرہ