باطن کی پاکیزگی کے بغیر اللہ کی رضا ممکن نہیں: علامہ رانا محمد ادریس قادری

لیلۃ النصف من شعبان حکمت والے فیصلوں کی رات ہے: نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل
شعبان کی پندرہویں رات اللہ کی رحمت و مغفرت کی رات ہے: جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

باطن کی پاکیزگی کے بغیر اللہ کی رضا ممکن نہیں: علامہ رانا محمد ادریس قادری

لاہور (30 جنوری 2026) نائب ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس قادری نے جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسان جب تک اپنے نفس کا تزکیہ اور باطن کی اصلاح نہیں کرتا، اس وقت تک اللہ تعالیٰ کی رضا اور قرب حاصل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ لیلۃ النصف من شعبان قریب ہے اور اسی مناسبت سے قرآن حکیم کی سورۃ الدخان میں بابرکت رات اور حکمت والے فیصلوں کا ذکر موجود ہے۔ علامہ رانا محمد ادریس قادری نے وضاحت کی کہ سورۃ الدخان میں مذکور لیلۃ مبارکہ سے مراد جمہور مفسرین کے نزدیک شعبان کی پندرہویں رات ہے، جس میں آئندہ سال کے تمام حکمت والے فیصلے، رزق، موت، زندگی اور دیگر تقدیری امور طے کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے احادیث مبارکہ کے حوالے سے بتایا کہ حضور نبی کریم ﷺ ماہِ شعبان میں کثرت سے روزے رکھتے تھے اور فرمایا کہ یہ وہ مہینہ ہے جس میں اعمال اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں پیش کیے جاتے ہیں، اس لیے آپ ﷺ چاہتے تھے کہ اعمال روزے کی حالت میں پیش ہوں۔ حضرت عائشہ صدیقہؓ سے مروی روایت ہے کہ اس مہینے میں ان افراد کے نام بھی لکھے جاتے ہیں جن کی زندگی کا اختتام ہونا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے دور میں شبِ برأت کی فضیلت کے حوالے سے مغالطے پھیلائے جاتے ہیں، حالانکہ ائمہ حدیث نے لیلۃ النصف من شعبان کی فضیلت پر مستقل ابواب قائم کیے ہیں جو اس رات کی عظمت کا واضح ثبوت ہیں۔

علامہ رانا محمد ادریس قادری نے کہا کہ رجب، شعبان اور رمضان تین متصل مہینے ہیں، جن میں رجب اللہ کا مہینہ، شعبان حضور نبی کریم ﷺ کا مہینہ اور رمضان امت کا مہینہ ہے۔ جس مہینے کی نسبت حضور ﷺ سے ہو جائے وہ خاص عظمت اور فضیلت کا حامل بن جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ احادیث مبارکہ کے مطابق اللہ تعالیٰ شعبان کی پندرہویں رات آسمانِ دنیا پر نزولِ رحمت فرماتا ہے اور بے شمار لوگوں کی مغفرت فرماتا ہے۔
خطاب کے اختتام پر انہوں نے تزکیۂ نفس پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باطن کی پاکیزگی کے بغیر اللہ تعالیٰ کی رضا ممکن نہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں شبِ برأت کی عظمت کو سمجھنے، قرآن و سنت کے مطابق زندگی گزارنے اور حقیقی روحانی پاکیزگی اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top