پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل کا جامع شیخ الاسلام لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب
قرآن مجید انسانیت کے لیے سب سے قیمتی انعام اور کتابِ ہدایت ہے، جس کا نزول رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ہوا: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

لاہور: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہِ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کا عظیم احسان ہے، جس میں نزولِ قرآن کی نسبت سے انسانیت کو ہدایت کا کامل سرچشمہ عطا کیا گیا، رمضان المبارک ظاہری و باطنی اصلاح کا مہینہ ہے۔ رمضان اور قرآن کا باہمی تعلق نہایت گہرا ہے کیونکہ اسی مہینے میں قرآن مجید نازل ہوا۔ قرآن مجید انسانیت کے لیے سب سے قیمتی انعام اور کتابِ ہدایت ہے جو حضور نبی اکرم ﷺ کے وسیلے سے عطا کی گئی۔ انسان کی فکری و علمی جستجو کا آغاز کائنات کے مشاہدے سے ہوا مگر اللہ تعالیٰ نے علمِ وحی کے ذریعے اسے اعلیٰ مقام عطا فرمایا۔
انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم کا مقصد محض اپنی برتری ظاہر کرنا نہیں بلکہ لوگوں کو صراطِ مستقیم کی طرف رہنمائی دینا ہے۔ علم کی اصل عظمت اس میں ہے کہ مشکل بات کو آسان انداز میں سمجھایا جائے۔ فارسی ادب کے عظیم شعراء شیخ سعدی اور حافظ شیرازی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شیخ سعدی کی گلستان آج بھی اس لئے زندہ ہے کہ اس میں حکمت کو سادہ اور عام فہم انداز میں پیش کیا گیا۔
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کہا کہ سابقہ انبیائے کرام علیہم السلام کے معجزات حسی نوعیت کے تھے، جیسے حضرت صالح علیہ السلام کی اونٹنی، مگر قرآن مجید ایک دائمی اور عقلی معجزہ ہے جو قیامت تک انسانیت کی رہنمائی کرتا رہے گا۔ قرآن اپنے قاری سے گفتگو کرتا ہے، اسے بلند معیار تک لے جاتا ہے اور منزلِ مقصود تک پہنچاتا ہے۔ قرآن مجید میں وہ حقائق بیان ہوئے جو جدید سائنس نے صدیوں بعد دریافت کیے۔ یہ کلامِ الٰہی اپنی فصاحت، بلاغت اور معنوی اعجاز کے اعتبار سے بے مثال ہے اور الحمد سے والناس تک اپنے قاری کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انبیائے کرام علیہم السلام کو صرف علم ہی نہیں بلکہ حسنِ ابلاغ بھی عطا فرمایا۔ علم روشنی ہے، مگر ایسی روشنی جو دلوں کو سکون دے اور آہستہ آہستہ انسان کی صلاحیتوں کو بیدار کرے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے فتنوں سے نجات کا واحد راستہ کتاب اللہ سے مضبوط تعلق ہے۔ جو شخص قرآن کو اپنی زندگی کا رہنما بنائے گا وہ کامیاب ہوگا، اور جو اسے پسِ پشت ڈال دے گا وہ خسارے میں رہے گا۔ قیامت کے دن قرآن اپنے پڑھنے اور اس پر عمل کرنے والوں کے حق میں حجت اور شفیع ہوگا۔
انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کی علمی و فکری خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا اور دیگر تصانیف نئی نسل کے لیے رہنمائی کا خزانہ ہیں اور دین کو آسان اور قابلِ فہم انداز میں پیش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس دور میں منہاج القرآن نے قرآن کو آسان اور عام فہم انداز میں پیش کرنے کا فریضہ انجام دیا ہے۔ مختلف تراجم و تفاسیر بالخصوص عرفان القرآن کے ذریعے قرآن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ انداز میں پیش کیا گیا۔ قرآن کا میسر ہونا عظیم نعمت ہے اور ایسا منہج مل جانا جو قرآن کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے میں رہنمائی فراہم کرے، دوہرا احسان ہے۔
درایں اثناء پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل نے نماز جمعہ کے بعد خصوصی دعا فرمائی اور صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے ہمراہ اندرون ملک و بیرون ملک سے آئے وفود، مرکزی قائدین و کارکنان، گوشہ نشینان سے ملاقات کی۔






























تبصرہ