شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کا ’’حضور نبی اکرم ﷺ کے اخلاقِ کریمانہ‘‘ کے عنوان پر منعقدہ دوسری روحانی و تربیتی نشست سے خطاب

لاہور: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ نے منہاج القرآن انٹرنیشنل سیکرٹریٹ پر منعقدہ اخلاقی و روحانی تربیتی مجالس کی دوسری نشست میں ’’حضور نبی اکرم ﷺ کے اخلاقِ کریمانہ‘‘ کے موضوع پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ انسانیت کے لیے مثالی نمونہ ہے۔ آپ ﷺ نے ہر عمل میں صبر، درگزر، محبت، خدمتِ خلق اور صلۂ رحمی کے عملی اسباق پیش کیے ہیں۔ جو شخص خدمت خلق میں مصروف ہو جائے، اسے کسی خیر سے محروم نہیں رکھتا، اسے عزت اور وقار دیتا ہے اور اسے دائمی و باطنی مضبوطی حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سارے تصوف اور روحانیت کا خلاصہ فتوت ہے، اور فتوت کا نقطۂ کمال یہ ہے کہ انسان اپنی ذات، نفس اور انا کے دائرے سے باہر نکل کر مخلوقِ خدا کے لیے جیئے۔ جب بندہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کے بندوں کی فکر کرتا ہے، اُن کے کاموں میں مصروف ہوتا ہے تو وہ صفاتِ الہیہ کا مظہر بن جاتا ہے، ایسے شخص کو اللہ رب العزت رسوائی، بیچارگی اور بے توقیری سے بچاتا ہے اور اسے اللہ کی رحمت ہروقت سنبھالے رکھتی ہے۔
اپنی گفتگو کا اختتام کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خدمت خلق اور انسانیت پروری سے انسان کا باطن مضبوط ہوتا ہے، جو لوگ دوسروں کی بھلائی اور خیر خواہی کا ذریعہ بنتے ہیں تو انہیں اللہ تعالیٰ باطن کی مضبوطی عطاء کرتا ہے۔
روحانی و تربیتی مجالس کی دوسری نشست میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ڈاکٹر غزالہ قادری، محترمہ فضہ حسین قادری سمیت نائب ناظمین اعلیٰ، مرکزی سربراہان شعبہ جات و فورمز، علماء و مشائخ اور عامۃ الناس خواتین و حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

































تبصرہ