تصوف اور روحانیت انسانیت سے محبت سکھاتی ہے: پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 12 مارچ 2026ء

اپنی ذات سے نکل کر دوسروں کےلئے جینا کمال بندگی ہے
خدمتِ خلق کو شعار بنانے کو اللہ تعالیٰ اجر اور خیر سے محروم نہیں رکھتا
"حضور نبی اکرم ﷺ کے اخلاق کریمانہ‘‘ کے موضوع پر جاری روحانی مجالس کی دوسری نشست سے خطاب

Day:2 Dr Tahir ul Qadri Akhlaq e Nabawi Lecture MQI Secretariat Lahore 2026

لاہور (12 مارچ 2026) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سیکرٹریٹ میں جاری روحانی و تربیتی مجالس کی دوسری نشست سے ’’حضور نبی اکرم ﷺ کے اخلاقِ کریمانہ‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تصوف اور روحانیت انسانیت سے بے لوث محبت کرنا سکھاتی ہے، اولیاء اللہ ہمہ وقت مخلوق خدا کی خدمت میں محو رہتے، ان کے حلقہ ارادت میں ہر رنگ، نسل، مذہب اور مختلف طبقہ فکر کے افراد موجود رہتے، حضور نبی اکرم ﷺ نے انسانیت سے محبت کا درس دیا اور اپنی زندگی کے ہر پہلو میں صبر، درگزر، محبت، خدمتِ خلق اور صلۂ رحمی کے عملی اسباق عطا فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ تصوف اور روحانیت کی اصل روح فتوت ہے، اور اس کی معراج یہ ہے کہ انسان اپنی ذات، نفس اور انا کے دائرے سے نکل کر مخلوقِ خدا کی خدمت کے لئے زندگی گزارے۔ انہوں نے کہا کہ فتوت کا نقطہ کمال اپنی ذات اور انا سے نکل کر دوسروں کےلئے جینا ہے۔ نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات میں انسانیت کی خدمت کو مرکزی مقام حاصل ہے۔ نبی اکرم ﷺ کی حیات طیبہ صبر، درگزر اور محبت کا عظیم درس دیتی ہے۔ جو شخص خدمتِ خلق کو اپنا شعار بنا لیتا ہے اللہ تعالیٰ اسے اجر اور خیر سے محروم نہیں رکھتا بلکہ اسے عزت، وقار اور کردار و عمل کی مضبوطی اور استقامت عطا فرماتا ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مزید کہا کہ جو لوگ دوسروں کی بھلائی اور خیر خواہی کا ذریعہ بنتے ہیں اللہ تعالیٰ ان کےلیے آسانیاں پیدا فرما دیتا ہے اور ایسے شخص کو اللہ رب العزت رسوائی، بیچارگی اور بے توقیری سے محفوظ فرما کر اپنی رحمت کے سایہ میں رکھتا ہے۔

روحانی و تربیتی اجتماع کی دوسری نشست میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، خرم نواز گنڈاپور، ڈاکٹر رفیق نجم، جواد حامد، بریگیڈیئر (ر) عمر حیات، کرنل(ر) خالد جاوید، رانا وحید شہزاد، ڈاکٹر علامہ میر آصف اکبر، ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، فضہ حسین قادری، علامہ اشفاق چشتی، شیخ فرحان عزیز، شہزاد رسول، اقبال حسین باجوہ سمیت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنما، علمائے کرام، مشائخ عظام اور خواتین و حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top