قرآن و حدیث ہدایت و راہنمائی کا سرچشمہ ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری

مورخہ: 14 مارچ 2026ء

معاشرے کی اخلاقی نمو صبر و رضا اور خدمت انسانی کے اوصاف اپنانے میں ہے حضورنبی اکرم ﷺ کی تعلیمات نفرتوں کو مٹانے کا درس دیتی ہیں
امت مسلمہ کی ترقی و خوشحالی قرآنی تعلیمات میں زندگی بسر کرنے میں ہے
’’حضور نبی اکرم ﷺ کے اخلاقِ کریمانہ‘‘ کے عنوان پر منعقدہ چوتھی روحانی و تربیتی نشست سے خطاب

Ramadan Day 4 Lecture Minhaj Women League

لاہور (14 مارچ 2026) بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ’’حضور نبی اکرم ﷺ کے اخلاقِ کریمانہ‘‘ کے عنوان پر منعقدہ چوتھی روحانی و تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن و سنت کے علوم میں کامل راہنمائی ہے، امت علوم و معارف کے ان چشموں کے ساتھ اپنا تعلق استوار کرے۔ جو معاشرہ مادیت پرستی اور ناشکری کی راہ پر چل پڑے وہ استحکام کھو دیتا ہے امت مسلمہ کی ترقی و خوشحالی قرآنی تعلیمات کے مطابق زندگی بسر کرنے میں ہے، اگر ہم چاہتے ہیں کہ معاشرہ مصطفوی طریق پر چلنا شروع ہو جائے تو اپنے گھروں کو مرکز علم بناؤ اور اپنی آئندہ نسلوں کی دینی نہج پر تربیت کرو۔ انھوں نے کہا کہ ایک متوازن اسلامی سوسائٹی احترام انسانیت اور صلہ رحمی سے نمو پاتی ہے۔ صلہ رحمی کا مفہوم صرف خونی رشتوں تک محدود نہیں بلکہ اس میں بلاتفریق تمام انسانوں کے ساتھ حسنِ سلوک شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جسم اور اس کے اعضاء کی تخلیق ایک ساتھ ہوتی ہے مگر مادی زندگی کی دوڑ میں یہ اعضاء بکھر اور بچھڑ جاتے ہیں دل، دماغ، ہاتھ پاؤں مخالف سمتوں میں چلنا شروع ہو جاتے ہیں، مصطفوی تعلیمات کا مقصد انہیںیکجا کرنا ہے تاکہ کسی کے افعال میں تضاد نہ رہے اور ان کا مرکز و محور اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت و فرمانبرداری بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کی نگاہِ نبوت انسان کے منتشر باطن کو ہم آہنگی عطا کرتی ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ انسان کے اندر موجود تمام قوتیں، رجحانات اور خواہشات کا مرکز اللہ تعالیٰ کی رضا ہے۔ جب انسان کا دل اللہ کی طرف متوجہ ہو جائے اور عقل، دل اور نفس سب اسی مقصد کے تابع ہو جائیں تو انسان کے اندر وحدت، اعتدال اور توازن پیدا ہو جاتا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ عشق مصطفیٰ اور سیرت مصطفیٰ کو اپنا مقصد حیات بنا لو ہر بگڑا ہوا کام سنور جائے گا۔

روحانی و تربیتی اجتماع کی چوتھی نشست میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، خرم نواز گنڈاپور، ڈاکٹر رفیق نجم، جواد حامد، بریگیڈیئر(ر) عمر حیات، کرنل(ر) خالد جاوید، رانا وحید شہزاد، ڈاکٹر علامہ میر آصف اکبر، ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، فضہ حسین قادری، علامہ اشفاق چشتی،شیخ فرحان عزیز، شہزاد رسول، اقبال حسین باجوہ سمیت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنما، علمائے کرام، مشائخ عظام اور خواتین و حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top