شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کا ’حضور نبی اکرم ﷺ کے اخلاقِ کریمانہ‘ کے موضوع پر آٹھویں اخلاقی و روحانی تربیتی نشست سے خطاب

مورخہ: 17 مارچ 2026ء

8th Ramadan Shaykh ul Islam Akhlaq e Karimana Lecture MQI

لاہور: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ پر ’حضور نبی اکرم ﷺ کے اخلاقِ کریمانہ‘ کے موضوع پر منعقدہ آٹھویں اخلاقی و روحانی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ سراپا صدق، امانت اور صلہ رحمی کا عملی نمونہ ہے۔ آپ ﷺ ہمیشہ کٹے ہوئے رشتوں کو جوڑتے اور انسانیت کو محبت، سچائی اور خیر کی راہ دکھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سچائی (صدق) صرف زبان سے سچ بولنے کا نام نہیں بلکہ انسان کی پوری شخصیت، نیت، فکر، عمل اور کردار کا سچا ہونا صدق کہلاتا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کا صادق الحدیث ہونے کا مطلب صرف گفتگو کا سچا ہونا نہیں بلکہ اس کی پوری سیرت اور کردار کا سچا ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدق کا تعلق دل سے ہوتا ہے اور جھوٹ کا آغاز بھی دل سے ہی ہوتا ہے۔ انسان جب جھوٹ بولتا ہے تو اس سے پہلے اس کے دل میں ارادہ، تصور، نیت اور خواہش پیدا ہوتی ہے، پھر وہ زبان تک پہنچتی ہے۔ اسی طرح سچائی بھی دل میں پیدا ہو کر نیت، ارادہ اور عمل کے مراحل سے گزرتی ہوئی ظاہر ہوتی ہے۔ اس لیے صدق و کذب کا اصل مرکز انسان کا باطن ہے۔ حدیث پاک میں منافق کی تین بڑی نشانیاں بیان کی گئی ہیں: جب بات کرے تو جھوٹ بولے، جب وعدہ کرے تو وعدہ خلافی کرے اور جب امانت دی جائے تو خیانت کرے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ صرف زبان کا نہیں بلکہ آنکھ، کان، سوچ اور نیت کا بھی جھوٹ ہوتا ہے، امانت اور صدق آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔ اگر کوئی شخص مالی امانت، اخلاقی امانت یا منصب کی امانت میں خیانت کرتا ہے تو وہ دراصل جھوٹ اور بددیانتی کا مرتکب ہوتا ہے۔ کسی ادارے یا منصب پر فائز شخص اگر اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھائے، لوگوں کے حقوق ضائع کرے یا وقت اور وسائل کا غلط استعمال کرے تو یہ خیانت ہے اور اس کا انجام جہنم ہے۔

شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ نے کہا کہ بخاری و مسلم کی متفق علیہ حدیث ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: "تم میں سے ہر شخص نگہبان ہے اور ہر ایک سے اس کی رعیت کے بارے میں پوچھا جائے گا۔" یعنی ہر انسان کسی نہ کسی ذمہ داری کا نگہبان ہے، چاہے وہ گھر میں والدین اور بچوں کے حقوق ہوں، استاد اور شاگرد کا تعلق ہو یا ریاستی اور معاشرتی ذمہ داریاں، کسی ذمہ داری کو دیانتداری اور اخلاص کے ساتھ ادا کرنا صدق ہے اور اسی میں جنت کی کامیابی ہے۔ اگر کوئی شخص اپنی ذمہ داری پوری نہ کرے، وقت کی پابندی نہ کرے یا اختیارات کا غلط استعمال کرے تو یہ کذب اور خیانت ہے۔ نیکی صرف مسجد، مدرسہ، منبر یا اعتکاف تک محدود نہیں بلکہ گھر، معاشرہ، ادارہ اور نظامِ حکومت تک ہر جگہ ذمہ داری کو ایمانداری سے ادا کرنا بھی نیکی ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کا مزید کہنا تھا کہ اسلام انسان کو یہ تعلیم دیتا ہے کہ جو کام بھی کیا جائے اسے بہترین طریقے سے کیا جائے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ اس بات کو پسند فرماتا ہے کہ جب تم میں سے کوئی شخص کوئی کام کرے تو اسے احسن طریقے سے انجام دے، اگر کسی کو منصب یا ذمہ داری کے ساتھ تنخواہ دی گئی ہو اور وہ اس کے علاوہ ناجائز فائدہ اٹھائے یا لوگوں سے تحائف اور نذرانے وصول کرے تو یہ بھی خیانت ہے۔ اس لیے ہر شخص کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داری کو امانت سمجھ کر ادا کرے، سچائی کا دائرہ زندگی کے ہر شعبے تک پھیلا ہوا ہے۔ گھر میں والدین، بیوی بچوں کے حقوق ادا کرنا، معاشرے میں انصاف کرنا، اداروں کے وسائل کی حفاظت کرنا اور وقت کی پابندی کرنا سب صدق اور دیانت کا حصہ ہیں، انہوں نے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کا قول نقل کرتے ہوئے کہا: "اپنا احتساب خود کرو اس دن سے پہلے کہ تمہارا حساب کیا جائے۔" انسان کو چاہیے کہ وہ ہر روز اپنا محاسبہ کرے کہ اس کی نیت، عمل اور ذمہ داریوں میں کہاں کمی رہ گئی۔ جو شخص دنیا میں اپنا احتساب کرتا ہے اس کے لیے آخرت کا حساب آسان ہو جاتا ہے۔

اخلاقی و روحانی تربیتی نشست میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلی منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور،صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ڈاکٹر غزالہ قادری،محترمہ فضہ حسین قادری، بانی رہنماء منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ محمد اسلم قادری، بانی رہنماء منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ حاجی عبدالغفور قادری، علماء و مشائخ، قائدین تحریک منہاج القرآن و جملہ فورمز سمیت کثیر تعداد میں عامۃ الناس نے شرکت کی۔

8th Ramadan Shaykh ul Islam Akhlaq e Karimana Lecture MQI

8th Ramadan Shaykh ul Islam Akhlaq e Karimana Lecture MQI

8th Ramadan Shaykh ul Islam Akhlaq e Karimana Lecture MQI

8th Ramadan Shaykh ul Islam Akhlaq e Karimana Lecture MQI

8th Ramadan Shaykh ul Islam Akhlaq e Karimana Lecture MQI

8th Ramadan Shaykh ul Islam Akhlaq e Karimana Lecture MQI

8th Ramadan Shaykh ul Islam Akhlaq e Karimana Lecture MQI

8th Ramadan Shaykh ul Islam Akhlaq e Karimana Lecture MQI

8th Ramadan Shaykh ul Islam Akhlaq e Karimana Lecture MQI

8th Ramadan Shaykh ul Islam Akhlaq e Karimana Lecture MQI

8th Ramadan Shaykh ul Islam Akhlaq e Karimana Lecture MQI

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top