بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کی تحریکی و ملی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

لاہور: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لئے منعقدہ قرآن خوانی و دعائیہ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم ایک عظیم انسان دوست، باوقار اور باکردار شخصیت کو یاد کرنے کے لئے جمع ہیں۔ بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کی زندگی خدمتِ پاکستان اور خدمتِ دین کا حسین امتزاج تھی۔ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں وطنِ عزیز کی شاندار خدمت کی جبکہ ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے اپنی زندگی کے تقریباً 25 سال تحریک منہاج القرآن کے ساتھ وابستہ ہو کر دین کی خدمت میں گزارے۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم نے تحریک کے مختلف شعبہ جات میں نہایت ذمہ داری، دیانت داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ خدمات سرانجام دیں، ان کی شخصیت کا نمایاں وصف یہ تھا کہ وہ ہر ذمہ داری کو مکمل اخلاص، محبت اور پروفیشنل کمٹمنٹ کے ساتھ ادا کرتے تھے اور کبھی اپنے فرائض میں کوتاہی نہیں کی، آج کے دور میں ایسے افراد نایاب ہیں جو اپنی ذمہ داریوں کو اس قدر سنجیدگی اور معیار کے ساتھ نبھاتے ہوں۔ بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان نے نہ صرف اپنے سپرد کردہ کاموں کو احسن انداز میں مکمل کیا بلکہ تحریک کے مختلف منصوبہ جات میں اپنی بصیرت اور دانشمندی سے گراں قدر خدمات انجام دیں۔
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے مزید کہا کہ 25 سالہ رفاقت کے دوران ان کے اندر شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ سے محبت اور تحریک کے مشن سے وابستگی میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا اور آخری ایام میں وہ اس محبت سے سرشار دکھائی دیتے تھے۔ ان کی زندگی اس بات کی روشن مثال ہے کہ انہوں نے دنیاوی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ آخرت کی تیاری کے لیے دین کی خدمت کو اپنی زندگی کا حصہ بنایا۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے گزشتہ 25 سالہ سفر میں ان کی خدمات ہمیشہ سنہری حروف میں لکھی جائیں گی۔
انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ بالخصوص راجہ فیض رسول سمیت دیگر لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب اس غم میں برابر کے شریک ہیں جبکہ اہلِ خانہ مرحوم کی تحریک کے ساتھ وابستگی کو جاری رکھیں تاکہ یہ ان کے لیے صدقۂ جاریہ بنے۔ دعائیہ تقریب میں ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، مفتئ اعظم منہاج القرآن مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، ڈاکٹر محمد رفیق نجم، نور اللہ صدیقی، علامہ رانا محمد ادریس قادری، بریگیڈیئر (ر) عمر حیات، جواد حامد، جی ایم ملک، گوشہ نشینان سمیت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین، مختلف فورمز و شعبہ جات کے سربراہان اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی قیادت اور مرحوم کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔































تبصرہ