قربانی اخلاص و تقویٰ کا عملی اظہار ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 10 مئی 2026ء

دکھاوے اور ریا کاری سے پاک عبادت ہی بارگاہ الہی میں قبول ہوتی ہے
اپنی انا،خواہشات اور مفادات کو اللہ کےلئے قربان کرنا اصل قربانی ہے
ایثار اور قربانی کا جذبہ قوموں کی ترقی اور سربلندی کی بنیاد ہے: بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن

Dr Tahirul Qadri Patron in Chief Minhaj ul Quran International

لاہور (10 مئی 2026) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ حج اور قربانی دو عظیم عبادات ہیں جن کی قبولیت کا دار و مدار اخلاصِ نیت پر ہے۔ نیت تمام عبادات کی روح ہے، اگر کسی عمل میں دکھاوا، ریاکاری اور نمود و نمائش شامل ہو جائے تو وہ عبادت اللہ تعالیٰ کے ہاں قبولیت نہیں پاتی۔ انہوں نے کہا کہ ان دنوں اللہ کی راہ میں قربانی کی تیاریاں جاری ہیں، اس موقع پر ہر مسلمان کو اپنے دل کا جائزہ لینا چاہیے کہ اس کی قربانی خالصتاً اللہ کی رضا کیلئے ہے یا محض رسم و رواج اور معاشرتی نمائش کیلئے۔ اسلام میں قربانی صرف جانور ذبح کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ اپنے رب کے ساتھ وفاداری، اطاعت، ایثار اور کامل بندگی کا عملی اظہار ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ قربانی کا فلسفہ ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی سے ملتا ہے۔ جب اللہ تعالیٰ کے حکم پر ایک باپ نے اپنے لختِ جگر کو قربان کرنے کا ارادہ کیا اور بیٹے نے بھی صبر اور تسلیم و رضا کے ساتھ سرِ تسلیم خم کر دیا تو اللہ تعالیٰ نے اس جذبۂ اخلاص کو رہتی دنیا تک عبادت بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ قربانی انسان کو یہ درس دیتی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے سامنے اپنی خواہشات، مفادات، غرور اور انا کو قربان کرنا ہی اصل بندگی ہے۔ قرآنِ مجید نے واضح فرمایا کہ اللہ تعالیٰ تک نہ قربانی کے جانوروں کا گوشت پہنچتا ہے اور نہ خون بلکہ اس تک بندوں کا تقویٰ، اخلاص اور نیک نیتی پہنچتی ہے۔ اس لیے قربانی کا حقیقی مقصد دلوں میں تقویٰ، خشیتِ الٰہی اور روحانی پاکیزگی پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قربانی صرف ایک انفرادی عبادت نہیں بلکہ یہ اجتماعی فلاح، سماجی ہمدردی اور انسانی اخوت کا بھی عظیم درس دیتی ہے۔ قربانی کا گوشت غریبوں، مسکینوں، یتیموں اور ضرورت مندوں تک پہنچا کر اسلام معاشرے میں مساوات، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیتا ہے تاکہ عید کی خوشیاں صرف چند گھروں تک محدود نہ رہیں بلکہ پورا معاشرہ اس خوشی میں شریک ہو۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ وہی قومیں عزت، ترقی اور سربلندی حاصل کرتی ہیں جو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اجتماعی بھلائی، ایثار اور قربانی کے جذبے کو اپناتی ہیں۔ دینِ اسلام بھی صبر، وفاداری اور قربانی کے انہی عظیم اصولوں کی بنیاد پر دنیا میں سربلند ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top