ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی ﷺ و عرس مبارک سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانیؒ کی تقریب آج منعقد ہوگی
لاہور (13 مئی 2026) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں قائم گوشۂ درود کے زیراہتمام ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی ﷺ اور تحریک منہاج القرآن کے روحانی سرپرست، قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی البغدادیؒ کے سالانہ عرس مبارک کے سلسلہ میں روحانی، فکری اور دعائیہ تقریب آج 14 مئی (جمعرات) مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہو گی۔
دعائیہ تقریب میں تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، ڈاکٹر محمد رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس،بریگیڈئیر(ر) عمر حیات، کرنل (ر) خالد جاوید، علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری، شہزاد رسول قادری، حاجی محمد اسحاق، اقبال حسین باجوہ، ناظم علی رحمت، حافظ عابد بشیر، محمد لطیف مدنی سمیت دیگر مرکزی، صوبائی اور ضلعی قائدین شرکت کریں گے۔ علمائے کرام، مشائخ عظام، معروف قراء اور عالمی شہرت یافتہ نعت خواں بھی محفل کی روحانی و ایمانی فضاؤں کو معطر کریں گے۔
ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی ﷺ میں مرکزی گوشۂ درود اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں قائم حلقہ ہائے درود میں پڑھا جانے والا درود و سلام اجتماعی طور پر بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں پیش کیا جائے گا۔ محفل میں ذکر و فکر، تلاوتِ قرآن مجید، نعت رسول مقبول ﷺ اور خصوصی دعا کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ عرس مبارک کی اس بابرکت تقریب میں سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانیؒ البغدادی کی دینی، روحانی اور اصلاحی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا جبکہ شرکاء کو تصوف، محبتِ، اخلاص اور انسانیت کی خدمت کے پیغام سے آگاہ کیا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، خوشحالی، امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعا کی جائے گی۔


















تبصرہ