اسلامی بینکاری جزو، اسلامی نظامِ معیشت مکمل نظام ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین
اسلامی معاشیات عدل، شفافیت اور فلاح عامہ کا ضامن نظام ہے
اسلامی معیشت کا مقصد صرف منافع نہیں بلکہ اجتماعی خوشحالی ہے
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی عوامی تاجر اتحاد کے وفد سے ملاقات میں گفتگو
لاہور (14 مئی 2026) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل و ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اسلامی بینکاری ایک جزو ہے جبکہ اسلامی نظامِ معیشت ایک مکمل، جامع اور ہمہ گیر نظام ہے جو انسانی زندگی کے تمام معاشی پہلوؤں کا احاطہ کرتا ہے۔ صرف اسلامی بینکاری کے فروغ سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکتے بلکہ ریاست، کاروباری اداروں اور معاشرے کو مجموعی طور پر اسلامی معاشی اصولوں کو اپنانا ہوگا تاکہ حقیقی معاشی انصاف، استحکام اور فلاح کا خواب پورا ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تاجر اتحاد پاکستان کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اسلامی معاشیات محض سود سے پاک بینکاری کا نام نہیں بلکہ یہ ایک ایسا متوازن معاشی نظام ہے جو عدل، دیانت، شفافیت، فلاحِ عامہ، دولت کی منصفانہ تقسیم اور معاشی اعتدال جیسے بنیادی اصولوں پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام تجارت اور محنت کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جبکہ سودی نظام سرمایہ کو چند ہاتھوں میں مرتکز کرکے معاشی ناہمواریوں اور استحصالی رویوں کو جنم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی معاشی بحران، بڑھتی ہوئی مہنگائی، مالیاتی عدم استحکام اور قرضوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ نے دنیا کو متبادل معاشی نظام کی تلاش پر مجبور کردیا ہے اور اسلامی نظام معاشیات اس حوالے سے ایک مضبوط، قابلِ عمل اور پائیدار ماڈل پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اگر حقیقی معاشی خودمختاری حاصل کرنا چاہتا ہے تو اسے اسلامی معاشی اصولوں کو قومی پالیسیوں کا حصہ بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی مالیاتی ادارے جدید کاروباری تقاضوں کو پورا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور کاروباری طبقے کو چاہیے کہ وہ سودی ذرائع سے نکل کر اسلامی مالیاتی نظام کی طرف پیش رفت کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی معیشت کا مقصد صرف منافع کمانا نہیں بلکہ معاشرے میں اجتماعی خوشحالی، سماجی انصاف اور انسانی وقار کا تحفظ یقینی بنانا بھی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں، کاروباری تنظیموں اور مالیاتی اداروں کو اسلامی معاشیات کے فروغ کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ نئی نسل اور کاروباری طبقہ اسلامی معاشی نظام کی افادیت سے آگاہ ہوسکے۔ ملاقات میں چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق، سینئر نائب صدر شہزاد خان، جنرل سیکرٹری محمد راشد چوہدری،صدر عوامی تاجر اتحاد لاہور محمدثاقب بھٹی و دیگر موجود تھے۔


















تبصرہ