عالمی یوتھ ڈے کے موقع پر سیمینار ’’نوجوان امن چاہتے ہیں‘‘

مورخہ: 12 اگست 2007ء
رپورٹ: چوہدری عتیق الرحمن

منہاج القرآن لیگ کے زیر اہتمام 12 اگست کو عالمی یوتھ ڈے کے موقع پر ایمبیسڈر ہوٹل لاہور میں ’’نوجوان امن چاہتے ہیں (Youth Want Peace)‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ بلال مصطفوی نے کی۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، برائن ڈی ہنٹ پرنسپل آفیسر امریکن قونصلیٹ لاہور، ساجد محمود بھٹی مرکزی ناظم یوتھ اور ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز شام 4 بجے ہوا، تلاوت کی سعادت حافظ محمد وسیم سیکرٹری دعوت لاہور یوتھ نے کی۔ کمپیئرنگ عمران بھٹی ناظم یوتھ لاہور نے کی۔ تلاوت کے بعد بارگاہ مصطفوی میں کاشف چشتی نے ہدیہ عقیدت پیش کیا۔

ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ مبارکباد کی مستحق ہے کہ انہوں نے عالمی یوتھ ڈے کے موقع پر ’’نوجوان امن چاہتے ہیں (Youth Want Peace)‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوبصورت خوشنما دنیا ہم سب کا اجتماعی گھر ہے جس میں ہم سب رہ رہے ہیں۔ اس کے من کی حفاظت اس گھر میں رہنے والے تمام افراد کی ذمہ داری ہے اس وقت جو چیز دنیا کے امن کو تباہ کررہی ہے اس میں دہشت گردی سب سے بڑا عنصر ہے۔ دنیا میں بدامنی دن بدن بڑھ رہی ہے نوجوان نسل سب سے زیادہ اس سے متاثر ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا میں امن قائم کرنے کے لئے لازمی ہے کہ ہم پیار محبت رواداری کے رویوں کو فروغ دیں۔ عالمی رہنماؤں کو اپنے بیانات دیتے ہوئے احتیاط کریں کیونکہ اچھے الفاظ ماحول اور تعلقات پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

انہوں نے امریکی صدارتی امیدوار کے بیان کی مذمت کی اور کہا کہ اس سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی۔ ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہئے۔ یوتھ لیگ نوجوانوں کی اصلاح کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیمات کے مطابق رواداری اور برداشت کے ذریعے بھی امن کا فروغ دیا جاسکتا ہے دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہے۔ لہذا دہشت گردی کو کسی مذہب کے ساتھ جوڑنا غیر مناسب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے دنیا میں مسلمانوں اور اسلام کو سمجھا نہیں جاسکا اور ان دونوں کے بارے میں غلط سوچ اور تصورات قائم کئے گئے ہیں۔ ا سکی بہتری کے لئے مغربی دنیا کو مسلمانوں کے ساتھ مراسم بڑھائے جائیں اور گفت و شنید کے دروازے کھولنے چاہئیں۔ دہشت گردی کی اصل وجوہات معاشی بدحالی، استحصال، غربت، سیاسی غلامی اور ناخواندگی ہے۔ عالمی برادری کو ان وجوہات کے خاتمے کے لئے بھی مشترکہ لائحہ عمل طے کرکے اس پر عمل درآمد کرنا چاہئے۔

پرنسپل آفیسر امریکن قونصلیٹ برائن ڈی ہنٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا منہاج القرآن یوتھ لیگ کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے اس اہم دن انتہائی اہم موضوع نسل نو امن چاہتی ہے کا اہتمام کیا۔ آج پوری دنیا دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے۔ دنیا میں امن قائم کرنے کے لئے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا ہوگا ملک میں جمہوریت ہو، ادارے مضبوط ہوں، قانون کی بالا دستی ہو، تب ہی امن قائم ہوگا۔ انہوں نے امن کے قیام کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہاج القرآن یوتھ لیگ کی خدمات کو سراہا۔ ہم امن کے قیام کی کوشش میں اس وقت کامیاب ہوسکتے ہیں جب ہم ہر سطح پر عدم مساوات اور طبقاتی تقسیم کو ختم کر دیں۔ مذاہب کی صحیح تعلیمات کو سمجھنا ہوگا۔ اسلام ایک پرامن مذہب ہے، اس لئے دہشت گردی کو کسی مذہب بالخصوص اسلام کے ساتھ نتھی کرنا درست عمل نہیں ہے۔ مسلمانوں کی اکثریت امن اور محبت درست ہے اور امن کے لئے کام کررہی ہے۔

ناظم یوتھ ساجد محمود بھٹی نے اپنے خطاب میں سب سے پہلے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اس کے بعد منہاج القرآن یوتھ لیگ کے جملہ عہدیداران کو اس پروگرام کی کامیابی پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ 12 اگست نوجوانوں کا دن ہے اور 14 اگست پاکستان کا دن ہے۔ نوجوان اور پاکستان دونوں لازم وملزوم ہیں۔ آج کا موضوع ایک اہم اور حساس موضوع ہے کیونکہ امن اور یوتھ ایک دوسرے سے جدا نہیں ہیں۔ آج کے دور میں بدامنی کا شکار نوجوان نسل ہے اور دہشت گردی کے لئے استعمال بھی نوجوان ہی کو کیا جارہا ہے۔ لہذا آج کا نوجوان امن کا متلاشی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا اس وقت دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور بڑے پیمانے پر امن کے قیام کی کوشش بھی ہورہی ہے۔ دنیا میں امن کا خواب اس وقت تک مکمل نہیں ہوسکتا جب تک دہشت گردی کی کوئی واضح تعریف نہیں ہوتی، انسانوں اور معاشروں کی محرومیوں کا خاتمہ نہیں کردیا جاتا اور دنیا بھر میں جمہوریت یعنی جمہوری رویے ہر سطح پر پروان نہیں چڑھتے۔ جمہوری روپ نام ہیں برداشت، تحمل، پیار و محبت، عدل و انصاف، مساوات، آزادی رائے و تحریر، احترام انسانیت، عوامی رائے کا احترام، جیو اور جینے دو، سوچ اور نظریہ کی آزادی اور احترام، اپنے تصورات اور نظریات کو دوسروں پر مسلط کرنے سے گریز کرنا اور بنیادی انسانی حقوق کی آزادی اور احترام کرنا۔ اگر یہ سوچ ہر ملک، ادارے اور شخص میں پیدا ہوجائے تو ہر طرف امن قائم ہوسکتا ہے۔

بلال مصطفوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا میں تمام معزز شرکاء کو خوش آمدید کہتا ہوں اور معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آج نوجوانوں کا عالمی دن ہے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ نے اس دن یوتھ وانٹ پیس کے عنوان سے انعقاد کیا ہے انہوں نے کہا کہ آج دنیا کا ہر پانچواں نوجوان غربت کی نچلی سطح پر زندگی گزار رہا ہے۔ پاکستان کی کل آبادی کا 23 فیصد نوجوان نہیں، آج کی نوجوان نسل امن چاہتے ہیں، اس وقت نوجوان نسل اپنے کامیاب مستقبل کے لئے بقائے باہی کے اصولوں پر مشتمل خوشگوار اور پرامن معاشرے کی تشکیل کا خواب دیکھ رہی ہے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ نوجوانوں کی اصلاح کے لئے کوشاں ہے اور امن کے قیام کے لئے کوشاں ہے۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان محمد ثقلین نے کہا منہاج القرآن یوتھ لیگ مبارکباد کی مستحق ہے کہ انہوں نے یوتھ سیمینار کا انعقاد کیا۔ سمیرا رفاقت نے بھی خطاب کیا۔ چوہدری ظہیر عباس گجر نے کہا کہ میں تمام معزز مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ پروگرام میں تشریف لائے۔ اس کے علاوہ اشتیاق حنیف مغل مرکزی نائب صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ نے بھی خطاب کیا۔ دعا کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top