منہاج القرآن یوتھ لیگ راجن پور کے تحت جیوے پاکستان موٹر سائیکل ریلی

مورخہ: 14 اگست 2007ء
منہاج القرآن یوتھ لیگ نے اگست 2007 ’’جیوے پاکستان یوتھ مہم‘‘ کے طور پر منانے کا اعلان کیا تو نوجوانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اس موقع پر ملک بھر میں جیوے پاکستان ریلیاں اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی قائدین کا ٹائم ملتے ہی راجن پور یوتھ میں ایک خوشی کی لہر دوڑ گئی اور بھر پور طریقے سے ریلی کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ جوں جوں 24 اگست کا دن قریب آرہا تھا توں توں جوانوں کی محنت میں تیزی آرہی تھی۔ کیونکہ یہ یوتھ کے تحت راجن پور میں ہونے والا پہلا پروگرام تھا جس میں مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مرکزی نائب صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تشریف لا رہے تھے۔ فاضل پور سے لیکر راجن پور تک انڈس ہائی وے کے دونوں اطراف خیر مقدمی وال چاکنگ کی گئی تھی، فاضل پور اور راجن پور کو بینروں سے سجا دیا گیا تھا۔ اس موقع پر تقریباً ہر جوان تک دعوت پہنچائی گئی تھی جبکہ کیبل نیٹ ورک پر بھی مسلسل کئی دن سے اشتہارات آرہے تھے۔

استقبال فاضل پور

24 اگست بروز جمعہ 4:40 منٹ پر مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ بلال مصطفوی، مرکزی نائب صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ظہیر عباس گجر اور کوآرڈینیٹر یوتھ ڈی جی خان ڈویژن ذوالفقار علی فاضل پور پہنچے۔ یہاں صدر تحریک منہاج القرآن ضلع راجن پور سعید مغل، صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ راجن پور عبد الرؤف موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے ساتھ وابستگان اور عوام الناس کے جمہ غفیر کیساتھ موجود تھے۔ قائدین کے پہنچنے پر زبردست نعرے بازی اور گل پاشی کی گئی۔ استقبال کے بعد یہ قافلہ موٹر سائیکل ریلی کی صورت میں فاضل پور سے 22 کلومیٹر دور راجن پور پہنچا۔ راجن پور شہر سے ایک کلومیٹر باہر شکیل پٹرولیم پر ناظم تحریک منہاج القرآن راجن پور خالد بلال، ناظم یوتھ راجن پور محمد شفیق، نائب ناظم یوتھ طارق عزیز، صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ راجن پور محمد ارشاد سینکڑوں احباب کے ہمراہ موٹر سائیکلوں کا ایک بہت بڑا قافلہ لیے کھڑے تھے۔ ریلی کے پہنچتے ہی ہرطرف ’’یوتھ لیگ کا ہر جوان چلتا پھرتا پاکستان‘‘ ’’جیوے جیوے طاہر جیوے‘‘ کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ نوجوان انڈس ہائی وے پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔ بعد ازاں یہ قافلہ راجن پور شہر میں داخل ہوا اور مین شاہراؤں اور بازاروں سے گزرتا ہوا نمازہ مغرب کی قریب خلیل پارک پہنچا۔ سجائے گئے خوبصورت ٹرک پر سوا ر ہو کر مرکزی قائدین جلوس کی قیادت کر رہے تھے، راستے میں جگہ جگہ معززین علاقہ نے قافلے پر گل پاشی کی۔

9:00 بجے خلیل پارک میں جیوے پاکستان یوتھ سیمینار کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ بعد ازاں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عبدالباسط نے پیش کی۔ سٹیج پر صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ بلال مصطفوی، نائب صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چوہدری ظہیر عباس گجر، سینئر نائب امیر تحریک منہاج القرآن راجن پور سردار شاکر خان مزاری، صدر تحریک منہاج القرآن راجن پور سعید مغل، ناظم تحریک منہاج القرآن راجن پور خالد بلال، محمد شفیق، طارق عزیز، محترم ارشاد، عبدا لرؤف ملک اور اویس خان دریشک موجود تھے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض محمد شفیق نے ادا کیے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد سعید مغل اور خالد بلال نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ راجن پور کے نوجوان مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے یوم آزادی کے حوالے سے اس عظیم الشان جیوے پاکستان یوتھ سیمینار کا انعقاد کیا۔

چوہدری ظہیر عباس گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح طلباء اور نوجوانوں نے قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کی قیادت میں متحد ہو کر قیام پاکستان کے لیے قربانیاں دی تھیں اور ہم نے آزاد مملکت وطن عزیز پاکستان حاصل کیا تھا اسی طرح آج بھی طلباء اور نوجوانوں کو ملکر محنت کے ذریعے پاکستان کو دنیا کا ایک عظیم ملک بنانا ہو گا۔ آج ہمیں اپنے نظر یاتی تشخص کے استحکام کے لیے دن رات کام کرنا ہوگا۔

مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ بلال مصطفوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے تحت اگست میں استحکام پاکستان کے لیے جیوے پاکستان یوتھ مہم شروع کی تھی جسکے تحت ملک بھر میں جیوے پاکستان موٹر سائیکل ریلیاں اور سیمینارز منعقد کیے گئے۔ آجکا یہ سیمینار بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ اس وقت پاکستان کی سب سے بڑی پروگریسو یوتھ آرگنائزیشن ہے جو نوجوانوں کو قومی دھارے میں شریک کرکے تعمیر وطن میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار کر رہی ہے۔

سینئر نائب امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب سردار شاکر خان مزاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے تحت منعقد یہ سیمینار استحکام پاکستان کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ یوتھ کے نوجوان محنت اور لگن کیساتھ کام کریں اور استحکام پاکستان کے لیے اپنا کردار ادا کریں آج پاکستان کو بہت سے اندرونی اور بیرونی چیلنجز جن سے نپٹے بغیر استحکام پاکستان ممکن نہیں لہذا نوجوان شب و روز محنت کر کے ان مسائل کو ختم کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top