ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

(ایم ایس پاکستانی)

تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم مورخہ 6 ستمبر کو منعقد ہوئی۔ موسم کی خرابی کے باعث یہ پروگرام مرکزی سیکرٹریٹ کے سامنے گراؤنڈ کی بجائے جامع مسجد منہاج القرآن میں ہوا۔ اس کی صدارت مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے کی۔ ان کے ساتھ ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، ناظم امورخارجہ جی ایم ملک، امیر پنجاب احمد نواز انجم، علامہ محمد نواز ظفر، علامہ فرحت حسین شاہ، علامہ محمد حسین آزاد، امیر تحریک گوشہ درود الحاج محمد سلیم شیخ، حاجی محمد ریاض اور دیگر مرکزی قائدین تحریک بھی معزز مہمانوں میں موجود تھے۔ پروگرام کا آغاز عشاء کی نماز کے بعد تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد شکیل احمد طاہر، منہاج نعت کونسل اور دیگر نعت خوانوں نے مدح سرائی کی۔ نعت خوانی کے سلسلے کے بعد شب ساڑھے گیارہ بجے شیخ الاسلام کا خصوصی خطاب شروع ہوا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ درود و سلام دیگر تمام عبادات سے ایک منفرد عمل ہے۔ اس کو ہمیں اپنی زندگی کا وظیفہ بنانا ہو گا۔ اس سے حاصل ہونے والے فیوض و برکات ہماری عملی اور اخروی زندگی کا سرمایہ ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس عمر میں نوجوان نسل کو اپنے اندر تبدیلی پیدا کرنی ہوگی۔ اس عمر کی، کی ہوئی عبادت اصل سرمایہ ہے۔ اس کے علاوہ عام آدمی بھی درود پاک کا پڑھنا معمول بنائے۔ درود پاک اللہ کی رحمتوں اور برکتوں کی وہ برسات ہے جس سے بخشش اور قرب الٰہی کے دروازے کھلتے ہیں۔ جو شخص خلوص دل سے درود پاک پڑھتا ہے تو اللہ تعالی اس کے لیے اپنی رحمتوں کے در کھول دیتا ہے۔

شیخ الاسلام نے مزید کہا کہ اس آج نوجوان نسل کی اکثریت اپنے دین سے دور ہو کر مغربی تہذیب کی چکا چوند ترقی میں کھو گئی ہے۔ مادہ پرستی کے اس دور میں نوجوان اپنی روحانی اور دینی تربیت کی فکر کریں۔ یہ ان پر بحثیت مسلمان ایک اہم فریضہ ہے۔ اگر ہم ایسا نہ کر سکے تو یہ معاشرہ مزید بے روی کا شکار ہو جائے گا۔ اس کا نقصان ملت اسلامیہ کو ہے۔ آج مسلمانوں کو عالم کفر کی طرف سے جن مشکلات اور چیلنجز کا سامنا ہے اس کے حل میں ہم کو اپنی روحانی و فکری تربیت کر کے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں تحریک منہاج القرآن بھی امت کے احوال کی درستگی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

پروگرام کے آخر میں اس ماہ میں پڑھا جانیوالا کروڑوں درود پاک کا نذرانہ حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کیا گیا۔ اختتامی دعا سے قبل حاضرین میں گوشہ درود کا خصوصی لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top