تقریب بسلسلہ یوم وصال ڈاکٹر فرید الدین قادری - بنگلہ دیش

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کے والد گرامی فرید ملت ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کے سالانہ عرس کے سلسلہ میں 16 اکتوبر 2008ء کو منہاج القرآن انٹرنیشنل بنگلہ دیش کے زیراہتمام خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب کا انعقاد منہاج القرآن اکیڈمی میں کیا گیا۔ خادم منہاج القرآن علامہ مولانا محمد ابوکلام، سپرنٹنڈنٹ منہاج القرآن اکیڈمی محمد مولانا محمد یٰسین، نائب ناظم منہاج القرآن فیض احمد، خزانچی منہاج القرآن ابو القاسم، ناظم نشر و اشاعت عبدالواحد، ناظم ڈسپلن محمد انوار، نور الاسلام، شاہ عالم، محمد شاکر، عبدالرشید اور دیگر معزز مہمانوں نے پروگرام میں شرکت کی۔ منہاج القرآ ن انٹرنیشنل بنگلہ دیش کے مرکزی عہدیداروں اور اساتذہ کرام کے علاوہ دیگر افراد بھی اس تقریب میں موجود تھے۔

پروگرام کے پہلے حصہ کا باقاعدہ آغاز صبح نو بجے قرآن خوانی سے کیا گیا۔ قرآن خوانی کے بعد تمام شرکاء نے حلقہ درود میں بھی شرکت کی جس کے بعد اجتماعی طور پر گوشہ درود کے درود پاک کا ورد کیا گیا۔ پروگرام کے پہلے حصہ کا اختتام خصوصی دعا سے ہوا۔ اس موقع پر علامہ عبدالکلام نے فرید ملت حضرت ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کو ایصال ثواب کے لیے اجتماعی طور پر فاتحہ خوانی کروائی۔

نماز عشاء کے بعد مولانا عبدالکلام کی صدارت میں پروگرام کا دوسرا حصہ تلاوت کلام پاک سے شروع ہو۔ اس کے بعد نعت خوانی بھی کی گئی۔ مولانا عبدالکلام نے فرید ملت کی زندگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک صالح ہستی اور اللہ کے ولی تھے۔ انہوں نے اپنی ساری زندگی تقویٰ اور صالحیت میں گزاری۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ان کی مقام ملتزم پر جاکر مانگی گئی دعا کا نتیجہ ہیں۔ آج شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا لگایا ہوا پودا منہاج القرآن ساری دنیا میں ایک تنا آور درخت بن کر پھیل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اسلام کی عالمگیر تعلیمات کو عام کرنے کے لیے منہاج القرآن کا ساتھ دینا ہوگا۔ الحمد اللہ بنگلہ دیش اور عالم اسلام کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ایک سرمایہ ہیں۔

اس موقع پر منہاج القرآن اکیڈمی کے سپرنٹنڈنٹ مولانا محمد یٰسین اور دیگر معزز مہمانوں نے بھی اظہار خیال کیا۔ تمام شرکاء نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کی اسلام کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ڈاکٹر فریدالدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کی دعاؤں کا ثمر قرار دیا۔ مقررین کے اظہار خیال کے بعد شرکاء نے درود وسلام بھی پیش کیا۔ پروگرام کے اختتام پر علامہ محمد یٰسین نے فرید ملت کے ایصال ثواب کے لیے دعا کروائی۔ اس موقع پر عالم اسلام اور پاکستان کی ترقی کے لیے بھی دعائیں کی گئیں۔ رات دس بجے ختم ہونے والے پروگرام کے آخر میں تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کے لیے ضیافت کا بھی انتظام تھا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top