منہاج القرآن انٹرنیشنل بارسلونا کا زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی کیمپ
منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا سپین نے یکم نومبر 2008ء کو بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی کیمپ Rambla del Raval پرلگایا۔ یہ جگہ پاکستانی کیمونٹی میں پریشان رمبلا کے نام سے مشہور ہے۔ اس امدادی کیمپ میں بارسلونا کی پاکستانی کیمونٹی اور بالخصوص مقامی لوگوں نے متاثرینِ زلزلہ کی مدد کے لیے بھرپور حصہ لیا اور اپنی امدادی رقوم جمع کروائیں ۔ امدادی کیمپ کا آغاز صبح 12 بجے ہوا، جو رات 8:30 بجے تک جاری رہا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا اور منہاج یوتھ لیگ سپین کے عہدیداران نے امدادی کیمپ پر اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دیں۔ اختتام ہفتہ اور بارش کے باوجود کیمپ میں امدادی رقم جمع کروانے والوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے ناظم ویلفیئر محمد نواز کیانی نے بتایا کہ 3 نومبر کو اس کیمپ کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گا، جس کے بعد جمع ہونے والی امدادی رقم پاکستان بھجوا دی جائے گی۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے سیکریٹری جنرل نوید احمد اندلسی نے کیمپ پر صحافیوں کوبتایا کہ امدادی کیمپ کے لیے بارسلونا شہر کے مختلف مقامات پر انگلش، اردو اور ہسپانوی زبان سمیت دنیا بھر کی زبانوں میں اشتہارات لگا کر تشہیرکی گئی تھی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کی طرف سے عنقریب بارسلونا کے بڑے رمبلا La Rambla پر اور بادالونا میں بھی اسی طرح کے امدادی کیمپ لگائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہامنہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن MWFنے پاکستان سے بھی متاثرین کی امداد کے لئے1کروڑ روپے کا امداد سامان بھجوا دیاہے اور ہم بھی مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے متاثرہ بھائیوں کے ساتھ ہیں۔
دریں اثناءبارسلونا سپین کی مقامی سرکردہ شخصیات میں سے پاکستان پریس کلب کے سرپرست اور ادارہ ہم وطن کے ڈائریکٹر جاوید مغل، سہارا انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر شاہین ملک، عادل تندوری ریسٹورنٹ کے ڈائریکٹر قاری عبد الرحمن اور تارکین وطن کی تنظیم Papeles para todos کے ابرار بخاری نے کیمپ کادورہ کیا اور متاثرین کی مدد کے لیے منہاج القرآن بارسلونا کے اس عمل کو سراہا۔ اس موقع پر منہاج القرآن بارسلونا کے ترجمان محمد اقبال چوہدری نے اپنی ٹیلیفونک گفتگو میں سرپرست پریس کلب جاوید مغل کا اپنی ٹیم کے ہمراہ کیمپ کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور ہم وطن اخبار کے مثبت کردار کو سراہا ۔
تبصرہ