تحریک منہاج القرآن کا ڈاکٹر فرید پراچہ کو عشائیہ

(ایم ایس پاکستانی)

تحریک منہاج القرآن کی طرف سے جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فرید پراچہ کو خصوصی عشائیہ دیا گیا۔ اس سلسلہ میں 18 نومبر 2008ء کو ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اپنی رہائش گاہ ماڈل ٹاون میں معزز مہمان کے لیے ڈنر کا اہتمام کیا۔ ڈاکٹر فرید پراچہ نے چار رکنی وفد کیساتھ اس دعوت میں شرکت کی۔ تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، امیر پنجاب احمد نواز انجم اور ناظم میڈیا میاں زاہد اسلام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

عشائیہ سے قبل دنوں اطراف سے مرکزی رہنماوں نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس ملاقات میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سرپرستی میں تحریک منہاج القرآن دنیا میں اسلام کا پیغام امن عام کر رہی ہے۔ ہم امن، بھائی چارے، بین المذاہب یکجہتی اور بین المسالک رواداری پر یقین رکھتے ہیں اور اسے دنیا بھر میں فروغ دینا چاہتے ہیں۔ اس کے لیے ہیمں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی عوام بدامنی کا شکار اور غربت و مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکے ہیں۔ ایسے حالات میں دینی اقدار بھی معدوم ہوتی جا رہی ہیں۔ ملک میں موجود مذہبی جماعتوں اور ان کی قائدین کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے۔ الحمد اللہ تحریک منہاج القرآن اندرون ملک اور دنیا بھر میں اسلام کے پیغام امن اور اسلامی تعلیمات کو عام کرنے میں مصروف عمل ہے۔

ڈاکٹر فرید پراچہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اسلام کے لیے قابل قدر خدمات ہیں۔ انہوں نے فروغ اسلام کے ساتھ معاشرہ میں شعور کو بھی بیدار کیا ہے۔ آج ملک میں موجود تمام مذہبی جماعتوں کو امن کی تعلیمات کا درس عام کرنا ہوگا۔ اس عشائیہ کے اختتام پر تحریک منہاج القرآن کی طرف سے معزز مہمانوں کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کے تحائف بھی پیش کیے گئے۔ آخر میں ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top