خواتین پر مظالم کے خلاف منہاج القرآن ویمن لیگ کا پرامن مظاہرہ

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام خواتین پر آئے روز ہونے والے مظالم کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ یہ مظاہر مورخہ 21 نومبر 2008ء کو  لاہور پریس کلب کے سامنے ہوا۔ جس میں سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سمیرا رفاقت نے احتجاجی مظاہرے میں شریک سینکڑوں خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے چودہ سو سال قبل عورت کو تحفظ، عزت، احترام اور مرد کے برابر حقوق دے کر معاشرے میں وہ مقام دیا تھا، جس کا تصور آج کے ترقی یافتہ معاشرے بھی دینے سے قاصر دکھائی دیتے ہیں۔ مگر اسلام کے نام لیوا عورت کا استحصال کر کے ہمارے معاشرے میں دندنا رہے ہیں اور انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں۔ عورت کو زندہ درگور کرنے، ہوس کا نشانہ بنا کر کتوں کے آگے پھینکنے، دشمنیاں مٹانے کیلئے زبر دستی شادیاں کرانے، جائیداد کے حصے سے محروم کرنے اور زندہ جلانے کے واقعات آج بھی ہمارے معاشرے کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں۔ ہم اپنے عمل سے اسلام اور پاکستان دونوں کو بدنا م کر رہے ہیں۔ عورت کو اشتہار بازی کیلئے استعمال کر کے اس کی عزت و عفت کا جنازہ نکالنے والوں کو بھی معاشرے میں باعزت مقام حاصل ہے۔

سمیرا رفاقت نے کہا کہ عورت کے حقوق کے تناظر میں پاکستانی معاشرہ اسلام سے قبل زمانہ جاہلیت کی منظر کشی کرتا دکھائی دیتا ہے۔ تسلیم سولنگی کیس اور بلوچستان میں عورتوں کو زندہ درگور کرنے کے واقعات کا تسلسل ہماری حکومتوں کے منہ پر زناٹے دار طمانچہ ہے۔ اس لیے عورتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی کے عمل کو فوری طور پر مکمل کر کے اس کے عملی نفاذ کی طرف بڑھا جائے تاکہ بیرونی دنیا اسلام اور پاکستان کے خلاف انگلی نہ اٹھا سکے۔

ناظمہ تنظیمات راضیہ شاہین نے کہا کہ عورت کو بھوکے کتوں کے آگے پھینکنے کے واقعات ہمارے معاشرے میں اس لیے ہو رہے ہیں کہ ہماری اسمبلیاں قانون سازی کی بجائے سیاست کر رہی ہیں۔ چند روزہ اقتدار اور وزیر بننے کیلئے تو ساری توانائیاں خرچ ہو رہی ہیں مگر انسانیت سوز واقعات کی روک تھام کیلئے کچھ نہیں کیا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ شعوری بیداری کیلئے اندرون اور بیرون ملک کام کر رہی ہے اور آنے والے سالوں میں اس کے واضح نتائج دکھائی دینا شروع ہو جائیں گے اور وہ وقت آ جائے گا جب حوا کی بیٹی بے خوف و خطر اپنے فرائض منصبی کیلئے نکل سکے گی اور اس کی عزت اور جان کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔

لاہور کی صدر عائشہ شبیر نے کہا کہ ہمارے معاشرہ میں خواتین کو حقوق دینے کے حوالے سے یورپ کے ماضی کا آئینہ دکھائی دیتا ہے۔ یہاں اسلامی اور اخلاقی اقدار کا جنازہ نکالنے والے وڈیرے سیاست کے ایوانو ں میں بیٹھے غریبوں کے حقوق کا مذاق اڑاتے دکھائی دیتے ہیں اور اپنے علاقوں میں عورتوں پر انسانیت سوز مظالم کا بازار گرم کیے ہوئے ہیں۔ عورت کی تذلیل ان کا مشغلہ اور ان کے حقوق کے ساتھ ہولی کھیلنا ان کا معمول ہے۔ عورت کو حقوق اس وقت تک نہیں ملیں گے جب تک وہ شعور کی آنکھ کھول کر کسی اجتماعیت کے پلیٹ فارم سے عملی جدوجہد نہیں کرے گی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کا پلیٹ فارم عورت کو حقوق دلانے کیلئے ہے اور ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ مظاہرے سے ناظمہ دعوت فریحہ خان نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top