مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا طلبہ امن مارچ

(ایم ایس پاکستانی)

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام ’’طلبہ امن مارچ‘‘ مورخہ 13 نومبر 2008ء کو ہوا۔ لاہور پریس کلب سے گورنر ہاؤس تک اس پرامن مارچ میں ایم ایس ایم لاہور کے مختلف کالجز کے طلبہ نے شرکت کی۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر محمد ذیشان بیگ، مرکزی سینئر نائب صدر لاہور محمد امجد جٹ، سیکرٹری جنرل ساجد گوندل، سیکرٹری اطلاعات محمد حفیظ کیانی، توقیر احمد اعوان اور دیگر مرکزی قائدین نے مظاہرہ کی قیادت کی۔ اس موقع پر محمد بلال مصفطوی، حنیف مصطفوی، تنویر خان، لطیف سندھو، رضوان علی، اسماعیل انعام اور سعید خان بھی موجود تھے۔

مرکزی صدر ایم ایس ایم ذیشان بیگ نے کہا کہ ہمارا پیغام امن اور کتاب ہے۔ اس کو دنیا بھر میں عام کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں سے قبضہ گروپوں کا خاتمہ کیا جائے۔ یونین الیکشن سے پہلے جمہوری فضاء سازگار بنائی جائے۔ ضابطہ اخلاق تمام طلبہ تنظیموں کی مشترکہ مشاورت سے بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں امن برقرار رکھنے کیلئے بھرپور اقدامات کیے جائیں اور تمام طلبہ تنظیموں کو الیکشن میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

مرکزی سینئر نائب صدر امجد حسین جٹ نے کہا کہ قوموں کی ترقی میں طلبہ اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اس وقت حکومت کی توجہ کے سب سے زیادہ مستحق طلبہ ہیں اور طلبہ کی فلاح ہی ہمارا نصب العین ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طالبعلم اور کتاب کے کمزور پڑ جانے والے تعلق کو بحال کرنے پر محنت کر رہی ہے۔ اس حوالے سے ہر تعلیمی ادارے میں کام ہو رہا ہے جس کے لیے مکمل نظام دیا گیا ہے۔

سیکرٹری جنرل ایم ایس ایم ساجد گوندل نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی میں طلبہ کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہم ایسے اقدامات پر یقین رکھتے ہیں کہ جس سے وطن عزیز ترقی یافتہ قوموں کی صف میں کھڑا ہو سکے۔

سابق مرکزی صدر ایم ایس ایم محمد حنیف مصطفوی، تنویر خان، لطیف سندھو، بلال مصطفوی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد حفیظ کیانی، رضوان علی، اسماعیل انعام اور سعید خان نے بھی طلبہ امن مارچ سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طلبہ کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جس کا مقصد معاشرے کیلئے تعلیمی میدان کے فاتح اور کردار کے غازی صالح نوجوان تیار کرنا ہے۔ آج اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کرنے کے لیے ایسے نوجوانوں کی ہی ضرورت ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس تعلیمی اداروں میں قیام امن پر یقین رکھتی ہے۔ مسلم لیگ ہاؤس پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے اس پرامن مارچ کا اختتام ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top