تحریک منہاج القرآن اوسلو، ناروے کا ورکرز کنونشن

تحریک منہاج القرآن اوسلو، ناروے کے مرکز پر مورخہ 29 نومبر بروز ہفتہ کی شب ورکرز کنونشن منعقد ہوا جس میں جگر گوشہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری صاحبزادہ حسن محی الدین قادری صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ پورے ناروے سے کارکنان نے بھرپور شرکت کی اور بہت بڑی تعداد میں خواتین و حضرات کے علاوہ منہاج یوتھ کے نوجوانوں نے شرکت کی۔

ورکرز کنونشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام الٰہی سے کیا گیا اور اسکی سعادت حافظ عبد الرحمن عراقی نے حاصل کی اور حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت علامہ نور احمد نور اور مشہور نعت خواں عبدالمنان نے حاصل کی۔ تحریک منہاج القرآن اوسلو کے ہر فورم نے اپنا تعارف پیش کیا اور سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کی طرف سے تحریک منہاج القرآن کے ہر فورم کے لیے اسناد پیش کی گئیں اور تحریک کی بہترین خدمات پر علامہ حافظ عابد کشمیری، علامہ نور احمد نور اور علامہ حسن میر قادری کو ناروے اور یورپ میں بہترین کارکردگی پر ایوارڈ اور تمغہ فرید پیش کیا گیا۔

صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے  ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن ناروے اور اسکے جملہ فورمز کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا اور منہاج مصالحتی کونسل کے لیے خصوصی ایوارڈ کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ زمین کی جنس تو ایک ہے مگر ہر زمین کی اپنی صفات ہیں اسی طرح ہر ولی اپنے منصب کے لحاظ سے ولی ہوتا ہے مگر ہر کسی کا مقام و مرتبہ ایک جیسا نہیں ہوتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے حضور شیخ الاسلام کو ہر وہ خصوصیت عطا کی ہے جو کسی بھی ولی کے مقام و مرتبہ کو جانچنے کے لیے کافی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضور شیخ الاسلام نے اپنی پوری زندگی میں محبتوں کا پیغام عام کیا ہے تاکہ نفرتوں کو بدل کر اس پرفتن دور میں محبتوں کا پیغام عام کیا جائے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا جیسے حضور شیخ الاسلام نے حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو اپنایا ہے آپ بھی ایسے ہی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کی چلتی پھرتی تصویر نظر آئیں۔ تاکہ ہم بھی آخرت کے اکاؤنٹ میں کچھ نیکوں کے دام بھر سکیں۔ اس پروگرام کی نقابت کے فرائض علامہ حسن میر قادری نے ادا کیے اور صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کی دعا سے پروگرام کا اختتام ہوا۔

 

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top