منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نارووال کے زیراہتمام سالانہ فری آئی سرجری کیمپ

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نارووال کے زیراہتمام سالانہ چار روزہ فری آئی سرجری کیمپ کی اختتامی تقریب مورخہ 7 نومبر 2008ء کو نارووال میں منعقد ہوئی۔ آئی کیمپ کی اختتامی تقریب کی صدارت تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔ جبکہ مہمانوں میں مرکزی ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹر شاہد محمود، سینئر نائب ناظم افتخار شاہ بخاری، پنجاب کے نائب صدر سردار بشیر خان لودھی نے شامل تھے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر عمران اکرم صحاف سربراہ آئی ڈیپارٹمنٹ جنرل ہسپتال لاہور، ڈاکٹر امانت علی، ڈاکٹر سید مزمل حسین شاہ، ڈاکٹر گوہر رحمن، ڈاکٹر آکاش جی لعل، ڈاکٹر نعیم اعوان، ڈاکٹر احمد سعید اور ڈاکٹر رضوان بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ علاوہ ازیں ضلع بھر سے کثیر تعداد میں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

حاجی محمد اسماعیل چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نارووال کے زیرانتظام ہر سال فری آئی سرجری کیمپ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ جس سے ہر سال سینکڑوں مریض مستفید ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے بڑے ہسپتالوں سے تجربہ کار ڈاکٹرز کی نگرانی میں کیمپ منعقد ہوتا ہے جس میں بین الاقوامی معیار کی ادویات اور سامان استعمال کیا جاتا ہے۔ جبکہ اعلیٰ معیار کے جدید ترین طبی آلات استعمال کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کیمپ کی نگرانی ڈاکٹر عمران اکرم صحاف سربراہ آئی ڈیپارٹمنٹ جنرل ہسپتال لاہور نے کی جبکہ آئی سرجری پینل میں ان کی معاونت ڈاکٹر امانت علی، ڈاکٹر سید مزمل حسین شاہ، ڈاکٹر گوہر رحمٰن، ڈاکٹر آکاش جی لعل، ڈاکٹر نعیم اعوان، ڈاکٹر احمد سعید اور ڈاکٹر رضوان نے کی۔ اس پر میں ان تمام ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں اس کے علاوہ اس کیمپ میں جن ساتھیوں نے معاونت کی ہے میں ان کا بھی تحریک منہاج القرآن نارووال کی طرف سے خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیمپ کی انتظامیہ جنہوں نے شب روز محنت کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے کو مبارکباد دی۔ کیمپ میں ڈاکٹرز کی ٹیم جنہوں نے خصوصی طور پر خدمات سرانجام دیں کو خصوصی مبارکباد دی۔ انہوں نے شرکاء سے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ہی اصل عبادت ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن معاشرے کے محروم طبقے کے دکھو ں کا ازالہ کر رہی ہے۔ اس وقت منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے منصوبہ جات سے لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ ان شاء اللہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ایسے کیمپس کا انعقاد ہوتا رہے گا اور ویلفیئر فاؤنڈیشن مستحق افراد کی ہر سطح پر امداد کرتی رہے گی۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر شاہد محمود نے دوران خطاب کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے اب تک 614 تعلیمی ادارے قائم کرکے قوم کو سب سے بڑا تعلیمی منصوبہ عملی طور دینے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن اب تک ہزارو ں طلبہ و طالبات کو اسکالر شپ دے چکی ہے۔ ہزاروں مستحق افراد کی فری آئی سرجری ہو چکی ہے۔ سینکڑوں فری ڈسپنسریز کا قیام عمل میں لاچکی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک غریب و بے سہارا 500 بچیوں کی اجتماعی شادیوں کا فریضہ بھی انجام دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر امانت علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آنکھیں اللہ تعالیٰ کا انمول عطیہ ہیں۔ اس وقت دنیا میں 60 لاکھ کے قریب لوگ نابینا ہیں۔ پاکستان میں سب سے زیادہ لوگ ریٹینائٹس پیگما ٹوسر کی وجہ سے نظر سے محروم ہوجاتے ہیں۔ ایسی صورت حال میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے عوام کی سہولت کے لیے نارووال میں فری آئی سرجری کیمپ منعقد کر کے ایک بہت بڑا فلاحی کام سرانجام دیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بشیر خان لودھی نے کہا کہ تعلیم، صحت اور فلاح عامہ کے اعتبار سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قوم کو سب سے بڑا تعلیمی و فلاحی منصوبہ دیکر نئی تاریخ رقم کی ہے۔ اختتامی تقریب سے صدر تحریک منہاج القرآن نارووال اختر علی قادری، ناظم محمد سلیم عباس و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top