پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں : منہاج القرآن ویمن لیگ

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر صباء فاطمہ نے کہا ہے کہ بھارت نے جنگ مسلط کی تو اس کی غلط فہمی دور ہو جائے گی۔ پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ 17 کروڑ عوام جن میں نصف سے زائد آبادی خواتین کی ہے ملکی دفاع اور سلامتی کیلئے اپنے بھائیوں سے ساتھ کھڑی ہیں۔ بھارت کی طرف سے ممکنہ جارحیت کی صورت میں خواتین کسی سے پیچھے نہیں ہوں گی۔ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کی راہ میں مضبوط اور امن پسند پاکستان سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویمن لیگ کے عاملہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ناظمہ تربیت عفت وحید، ناظمہ دعوت فریحہ خان، ناظمہ تنظیمات راضیہ شاہین اور دیگر مرکزی رہنما بھی موجود تھیں۔ صباء فاطمہ نے کہا کہ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں اور انتہاء پسند ہندو تنظیموں کا وجود بھارت میں دہشت گردی کی کارروائیوں کا بنیادی سبب ہے مگر بھارت اپنی اندرونی کمزوریوں پر پردہ ڈالنے کیلئے ہمیشہ کی طرح پاکستان کو ذمہ دار ٹھہرا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ک بھارت تیز سفارتی مہم کے ذریعے اپنے شرانگیز جھوٹے موقف کو دنیا میں پیش کر کے خود کو مظلوم اور پاکستان کو دہشت گردوں کو تحفظ دینے والے ملک کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سفارتی سطح پر تنہا ہوتا جا رہا ہے اس لیے حکومت کو فوری طور پر بھر پور سفارتی مہم کے ذریعے دنیا کو یہ بتانا چاہیے کہ پاکستان خوددہشت گردی کا شکار ہے اور انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اس کی عالمی سطح پر خدمات ہیں۔ بھارت اگر واقعی دہشت گردی کا خاتمہ چاہتا ہے تو پاکستان سے مل کر اس ناسور کے خلاف جدوجہد کرے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top