شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو کے بعد ملک میں بڑا سیاسی خلا پیدا ہوگیا ہے : انوار اختر ایڈووکیٹ

محترمہ بے نظیر بھٹو نے جان دے کر جمہوریت کی شمع روشن کی : سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ
پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کے زیراہتمام محترمہ بے نظیر بھٹو کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ نے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کے اجلاس میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی پہلی برسی پر شہید جمہوریت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو کے بعد ملک میں بڑا سیاسی خلا پیدا ہوگیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک کو محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت جیسے المناک واقعات سے بچانے کیلئے مؤثر پالیسی وضع کی جائے۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ملکی و قومی راہنماؤں کی سیکیورٹی ایک سوالیہ نشان اور چیلنج بن گئی ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ نے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کے اجلاس میں ملک میں پٹرول و گیس کی شدید قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری طور پر ہنگامی اقدامات کے ذریعے ملک میں پٹرول و گیس کی قلت پر قابو پائے۔ حکومت پٹرول و گیس قلت کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کرے۔ سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ نے ملک میں بڑھتی ہوئی بجلی کی لوڈشیڈنگ پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پائے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور پٹرول کی قلت نے عوام کی زندگی اجیرن کی دی ہے۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کے زیراہتمام محترمہ بے نظیر بھٹو کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔

پاکستان عوامی تحریک کی مرکزی رہنماء سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ نے اس موقع پر اظہار خیا ل کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے جان دے کر جمہوریت کی شمع روشن کی۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو تحریک منہاج القرآ ن کی لائف ممبر بھی تھیں ان کی شہادت کے بعد پیدا ہونے والا خلاء مدتوں پر نہیں کیا جاسکے گا۔ سمیرا رفاقت نے مزید کہا کہ ایک سال قبل محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پاکستان مختصر وقت میں سول حکمرانی کی جانب لوٹ آیا ہے لیکن فروغ پاتی ہوئی جمہوریت کے مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے پیپلز پارٹی کی موجودہ قیادت کو عام لوگوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ بارہ ماہ میں پاکستان کو بدترین مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ حکومت کیلئے معاشی صورت حال شدید خراب رہی، روزمرہ کی اشیاء میں اضافہ اور مستقل بجلی کی کمی نے عوام کو بے حد متاثر کیا ہے۔

محترمہ بے نظیر بھٹو کے ایصال ثواب کیلئے منعقدہ محفل میں ناظمہ تنظیمات راضیہ شاہیں نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس کا اختتام شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top