فیصل آباد میں 21 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب
رپورٹ : قیصر نواز قیس
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فیصل آباد کے زیراہتمام 21 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب مورخہ 2 دسمبر بروز اتوار منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی جبکہ مہمان خصوصی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر محمد عاقل ملک تھے۔ اس کے علاوہ تحریک منہاج القرآن کے ضلعی قائدین اور دیگر سیاسی و سماجی تنظیمات کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اجتماعی شادیوں کی اس تقریب میں شرکت کے لئے پاکستان کے دور دراز پسماندہ علاقوں سے باراتوں کی آمد کا سلسلہ صبح 11 بجے سے شروع ہوگیا۔ پنڈال کے داخلی راستے پر خوبصورت آرمی بینڈ موجود تھا جو کہ مختلف دھنیں بجا کر مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہہ رہا تھا جو بھی بارات پنڈال میں پہنچتی خوشی کے شادیانے بجائے جاتے اور پھول کی پتیوں سے ان کا استقبال کیا جاتا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے جاتے۔
پنڈال کو تین خوبصورت سٹیج سے سجایا گیا تھا۔ درمیان میں بڑا سٹیج مہمانان گرامی کے لئے مخصوص تھا جبکہ دلہنوں کے لیے الگ سے پنڈال کا اہتمام تھا۔ سٹیج کے بالکل سامنے مہمانان گرامی کی نشستوں سے پیچھے 21 دلہنوں کے لئے برائیڈل گفٹس ڈسپلے تھے جس میں عرفان القرآن، سلائی مشین، دلہے کے لئے گھڑی، پیڈسٹل فین، ڈنر سیٹ، ٹی سیٹ، کٹلری سیٹ، سونے کی بالیاں، ڈبل بیڈ، کرسیاں میز، پیٹی، کلر TV، استری، جائے نماز اور دیگر ضروریات زندگی کی بنیادی اشیاء موجود تھیں۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز صحیفہ انقلاب کی آیات سے کیا گیا۔ تلاوت و نعت کے بعد نکاح خوانی کی تقریب ہوئی جس میں فرداً فرداً ہر ایک جوڑے کا نکاح پڑھایا گیا۔ خوبصورت وسیع پنڈال میں موجود ہر کسی کے چہرے پر خوشی کے آثار نمایاں تھے۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تعارف اور اظہار تشکر کے لئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر محترم محمد عاقل ملک نے تقریب میں MWF کے جاری منصوبہ جات اور سرگرمیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور اب تک کی MWF کی تعلیم و صحت اور فلاح عام کے سلسلے میں کی جانے والی کاوشوں کو بیان کیا۔
ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی صاحب نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہا اور فیصل آباد کی پوری ٹیم کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور پیغام دیا کہ ان شاء اللہ MWF شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں دکھی انسانیت کے ہر درد کا مداوا کرے گی، ہر زخم پر مرہم رکھے گی اور احساس کمتری کو ختم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک کی جانے والی کاوشوں میں تحریک منہاج القرآن اصلاح احوال امت، تجدید دین کے ساتھ ساتھ فلاح انسانیت کو بھی مقدم رکھے ہوئے ہے۔
اظہار خیال کے بعد معزز مہمانوں نے دولہا اور دلہنوں کو برائیڈل گفٹ پیش کئے۔ پروگرام کے آخر میں مہمانوں کی تواضع کی گئی اور دلہنوں کو نیک دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا گیا۔
تبصرہ