منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام شب التجاء کا انعقاد

(ایم ایس پاکستانی)

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام نئے سال 2009ء کو خوش آمدید کہنے اور ملکی و قومی اور امت مسلمہ کی سلامتی کے لیے شب التجاء 31 دسمبر 2008ء کو منعقد ہوئی۔ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون لاہور میں ہونے والے پروگرام کو گوشہ درود کے ہال میں منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کے لیے خوبصورت پنڈال تیار کیا گیا جس میں برقی قمقے اور گرم بخور بھی جلائے گئے۔ پنڈال کے نصف حصہ میں خواتین کے لیے بھی انتظام کیا گیا تھا۔

محفل نعت کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے ممبر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے کی۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، ڈاکٹر شاہد محمود، جاوید اقبال قادری، منہاج یوتھ لیگ کے صدر محمد بلال مصطفوی، محمد بلال منصور، محمد طیب ضیاء، چوہدری ظہیر عباس گجر، میاں محمد عباس نقشبندی، میاں زاہد اسلام اور دیگر مرکزی قائدین بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

محفل نعت کے پہلے حصہ کا باقاعدہ آغاز شب دس بجے ہو گیا۔ اس موقع پر کالج آف شریعہ کے قاری خالد حمید قادری نے تلاوت کلام پاک کا شرف حاصل کیا۔ ان کے بعد کالج آف شریعہ حیدری برداران اور شہزاد برادران نے نعت بھی پڑھی۔ پروگرام کا دوسرا حصہ شب سوا گیارہ بجے شروع ہوا جسے دنیا بھر میں کیو ٹی وی کے ذریعے براہ راست دیکھا گیا۔

اس موقع پر عالمی مجلس ادب کے چئیرمین ڈاکٹر شبیہ الحسن نے پروگرام کی نقابت کے فرائض سرانجام دئیے۔ محفل نعت کے دوسرے حصہ میں قاری اللہ بخش نقشبندی اور قاری کرامت اللہ نعیمی نے اپنے مخصوص انداز میں تلاوت قرآن پاک سے حاضرین کے قلوب و اذہان کو منور کیا۔ تلاوت قرآن مجید کے بعد قاری نوید احمد چشتی نے حمد باری تعالی پڑھی۔ منہاج نعت کونسل، میاں سرور صدیق، شہزاد حنیف مدنی اور حسان منہاج محمد افضل نوشاہی نے نعت خوانی کر کے حاضرین کو حضور صلی اللہ علی وآلہ وسلم سے اپنے عشق کا والہانہ ثبوت دیا۔ اس موقع پر حاضرین جھوم جھوم کر مدح سرائی سے مستفیذ ہوئے۔

محفل نعت کے اختتام پر درود و سلام پڑھا۔ اس موقع پر تمام شرکاء نے کھڑے ہو کر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں سلام پیش کیا۔ پروگرام کا اختتام شب پونے ایک بجے ہوا۔ اس موقع پر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے خصوصی دعا کروائی۔ انہوں نے اپنی دعا میں ملکی و قومی سلامتی کے علاوہ امت مسلمہ اور دنیا بھر میں قیام امن کے لیے بھی دعائیں مانگیں۔ پروگرام کا اختتام شب پونے ایک بجے ہوا۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر یہ سال 2008ء کا آخری اور سال نو 2009ء کا پہلا پروگرام تھا۔

 

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top