پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ اور یوتھ ونگ کا اسرائیلی بربریت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

لاہور پریس کلب کے باہر سینکڑوں خواتین اور نوجوانوں کی شرکت

پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ اور یوتھ ونگ لاہور کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے باہر غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے تسلسل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سینکڑوں خواتین سمیت نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پرامن مظاہرے میں شریک مظاہرین نے اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف کتبے اٹھا رکھے تھے اور اسرائیلی بربریت کی پر زور الفاظ میں مذمت کر رہے تھے۔ ویمن ونگ کی طرف سے احتجاجی مظاہرے کی قیادت صدر فاطمہ مشہدی نے جبکہ یوتھ ونگ کے نوجوان مرکزی نائب صدر اشتیاق حنیف مغل کی قیادت میں مظاہرے میں شریک ہوئے۔ احتجاجی مظاہرے میں شیر خوار بچے بھی اپنی ماؤں کے ساتھ شامل ہوئے اور انھوں نے فلسطین کے نہتے، معصوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ویمن ونگ کی صدر فاطمہ مشہدی نے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی فوج فوری طور پر فلسطین سے نکل جائے اور حملوں کا سلسلہ بلا تاخیر بند کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اسرائیلی بربریت جسمیں 450 مسلمان شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی بند کرانے کے لیے انسانی حقوق کے عالمی ادارے، او آئی سی اور عرب لیگ مؤثر کردار ادا کریں۔ انھوں نے UN اور سیکورٹی کونسل کی جانبداری پرتنقید کرتے ہوئے ان اداروں کو عالمی طاقتوں کا غلام قرار دیا اور ان کے اس کردار کی مذمت کی۔ انھوں نے کہا کہ دنیا میں حقیقی امن اس وقت تک قائم نہیں ہو سکتا جب تک بڑی طاقتیں اپنے دوہرے معیار ختم کر کے اسرائیل کی پشت پناہی ختم نہیں کرتیں۔ یوتھ ونگ کے مرکزی نائب صدر اشتیاق حنیف مغل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک کے حکمران اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف بھر پور سفارتی مہم شروع کر کے اس کا سفاک چہرہ بے نقاب کریں خصوصاً عرب ممالک کے حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ او آئی سی کا اجلاس بلا کر اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کو لگام دینے کے لیے فوری فیصلے کیے جائیں۔ ناظمہ ویمن ونگ سمیرا رفاقت نے کہا کہ اسرائیل دہشت گرد ریاست ہے اور اسے چھوٹ بڑی طاقتوں نے دے رکھی ہے جو قابل مذمت ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف سلامتی کونسل میں پیش ہونے والی قرارداد کا ویٹو کیا جانا امن عالمی امن کے دعویداروں کا پول کھولنے کے لیے کافی ہے۔ لاہور کی صدر عائشہ شبیر نے مسلم حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھیں تو کسی کو مسلم علاقوں پر حملے کی جرات نہیں ہوگی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top