مرکزی صدر ایم ایس ایم کا بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کا وزٹ

رپورٹ : میاں وقار عظیم صدیق (انفارمیشن سیکرٹری بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان)

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے قائمقام صدر چوہدری ظہیرعباس گجر مورخہ 15 نومبر 2007ء ایک روزہ دورہ پر بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان تشریف لائے۔ یونیورسٹی پہنچنے پر صدر جامعہ زکریا حافظ عبدالمجید، راؤ ایاز احمد نائب صدر، محمد عرفان یوسف جنرل سیکرٹری، حافظ عباس فنانس سیکرٹری، حافظ سعید سیکرٹری کالجز، مہر انور تھند سیکرٹری ہاسٹلز اور سٹوڈنٹس نے ان کا استقبال کیا۔

چوہدری ظہیرعباس گجر کی قیادت میں جامعہ کے عہدیداران نے جامعہ زکریا کی سنٹرل لائبریری میں چیف لائبریرین سے ملاقات کی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ کی کتب کا تحفہ دیا۔ اس موقع پر چوہدری ظہیر عباس گجر نے قائد تحریک کی علمی اور تجدیدی خدمات پر روشنی ڈالی۔ چیف لائبریرین چوہدری مقبول نے اظہار خیال کر تے ہوئے کہا کہ بلاشبہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری اس صدی کے عظیم سکالر اور مجدد ہیں اساتذہ اور طلباء میں وہ ایک علم دوست شخصیت کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔ اس دور میں امت مسلمہ کے لیے جس طرح وہ رہنمائی کا فریضہ ادا کر رہے ہیں ان کی یہ خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

مرکزی قائمقام صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چوہدری ظہیرعباس گجر نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس فحاشی، عریانی اور مادیت پرستی کے دور میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ہی وہ روشن چراغ ہے جس کی روشنی میں طلبہ اپنے ایمان کا تحفظ کر سکتے ہیں۔ موومنٹ نے ہمیشہ تعلیمی اداروں میں علمی اور صحتمندانہ سرگرمیوں کو فروغ دیا ہے اور ہرقسم کی منفی سرگرمیوں کے خلاف آواز بلند کی ہے انہوں نے کہا کہ ہم طلبہ کا ناطہ قلم اور کتاب سے جوڑ کر انہیں حصول کی طرف راغب کر نا چاہتے ہیں تاکہ وہ اس میدان میں کامیابی حاصل کر کے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اس موقع پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (ISO) اور پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن (PSF) کے جامعہ زکریا کے عہدیداران اور جامعہ زکریا کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے سٹوڈنٹس بھی موجود تھے۔ آخر میں پرتکلف ڈنر کا اہتمام بھی تھا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top