بزم منہاج و نظامت تربیت کے زیراہتمام تربیتی ورکشاپ

رپورٹ : (محمد نواز شریف)

کالج آف شریعہ کی بزم منہاج اور تحریک منہاج القرآن کی نظامت تربیت کے زیراہتمام تربیتی ورکشاپ مورخہ 31 دسمبر 2008ء کو منعقد ہوئی۔ یہ ورکشاپ فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں منعقد ہوئی۔ اس ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد طلبہ کی فکری، تحقیقی، تحریری و تربیتی صلاحتیوں کو اجاگر کرنا تھا۔ ورکشاپ میں پرنسپل کالج آف شریعہ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، ڈاکٹر غلام حسن بلگرامی، ناظم تربیت ڈاکٹر تنویر احمد سندھو، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ایم ڈی علامہ شاہد لطیف قادری، فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد فاروق رانا اور نظامت تربیت کے سینئر نائب ناظم علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے طلبہ کو مختلف موضوعات پر لیکچرز دیئے۔

پروگرام کا آغاز صبح دس بجے تلاوت و نعت سے ہوا۔ پروگرام کی کمپئرنگ کے فرائض رازق علی نے انجام دیئے۔ نظامت تربیت کے سینئر نائب ناظم علامہ غلام مرتضی علوی نے ورکشاپ میں پہلا لیکچر دیا۔ جس کا موضوع "تحریک منہاج القرآن میں منہاجینز کا کردار" تھا۔ انہوں نے کہا کہ منہاجینز تحریک منہاج القرآن کا ہراول دستہ ہیں اور آج منہاجینز کو اپنی تربیت کو افکار کو مزید پختگی دینا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ نئے منہاجینز کو دنیا میں عملی میدان میں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں اور انہیں ہر فیلڈ میں خود کو منوانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پانچ منہاجینز طلبہ پی ایچ ڈی، چالیس ایم فل جبکہ درجنوں طلبہ ایل ایل بی اور دیگر اعلیٰ ڈگریاں مکمل کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے بیس ممالک پر مشتمل تحریک کی یورپی کونسل میں اکثریت منہاجینز کی ہے۔ سب سے بڑھ کر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے صاحبزادے حسن محی الدین قادری بھی منہاجین ہیں۔ غلام مرتضیٰ علوی نے بتایا کہ کراچی یونیورسٹی، کوئٹہ یونیورسٹی، وٹرنری یونیورسٹی اور ملک بھر کی دیگر یونیورسٹیز میں منہجانیز اعلیٰ سطحی عہدوں پر تعلیمی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ منہاج یونیورسٹی کے طلبہ پبلک سروس کمیشن کو بھی ٹاپ کر چکے ہیں۔

منہاج ایجوکیشن کے ایم ڈی شاہد لطیف قادری نے "منہاجینز سے تحریک منہاج القرآن کی توقعات" کے موضوع پر لیکچر دیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی کے طلبہ ہی تحریک منہاج القرآن کے وارث ہیں۔ اس لیے تحریک اور قائد تحریک کی منہاجینز سے بہت زیادہ توقعات ہیں جسے آپ کو پورا کرنا ہوگا۔

ڈاکٹر غلام حسن بلگرامی نے "منہاج القرآن ایک رسول نما تحریک" کے موضوع پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے دنیا بھر میں رجوع الی اللہ اور ربط رسالت کو جس اعلیٰ اور بہترین انداز میں عام کر رہی ہے۔ اسے مزید بہتر اور تیز تر طریقے سے پھیلانے کی ضرورت ہے اور منہاجینز بہتر انداز میں پھیلا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج طلبہ دو ادوار میں زندگی گزار رہے ہیں جس میں ایک علمی دور اور دوسرا عملی دور ہے۔ طلبہ کو علم کے ساتھ ساتھ عمل میں بھی اپنے آپ کو منوانا ہو گا۔

فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ڈائریکٹر محمد فاروق رانا نے "شیخ الاسلام کا علمی مقام اور ریسرچ انسٹی ٹیوٹ" کے موضوع پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ علم و تحقیق اور ڈاکٹر محمد طاہرالقادری چولی دامن کا ساتھ رکھتے ہیں۔ شیخ الاسلام نے اپنی اوائل عمری سے تصنیف و تحقیق کو اپنی زندگی کا جزو بنا لیا جو آج فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ انہوں نے اپنے لیکچر میں طلبہ کو جدید تحقیق کے حوالے سے مختلف رموز اور انداز بتاتے ہوئے طلبہ کو تحقیقی میدان میں آنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے چھ ہزار سے زائد موضوعات پر لیکچرز اور چار سو سے زائد مختلف موضوعات پر کتب ہیں جو ان کے علم و تحقیق کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

ناظم امور خارجہ جی ایم ملک نے "تحریک منہاج القرآن کے تنظیمی نیٹ ورک" کے موضوع پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن اس وقت دنیا کے 80 سے زائد ممالک میں اپنا تنظیمی ڈھانچہ قائم کر چکا ہے اور دنیا کے سو سے زائد ممالک میں تحریک منہاج القرآن کا پیغام عام ہو چکا ہے۔ اس پیغام کو مزید موئژ بنانے کے لیے دنیا بھر میں منہاجینز کو بھی عملی طور پر کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔

آخرمیں پرنسپل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کوالٹی ایجوکیشن کے لیے ملک میں منہاج یونیورسٹی کی صورت میں ایک مثالی ادارہ قائم کیا ہے۔ آج اس ادارے کے طلبہ کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اس تعلیمی ادارے سے دین و دنیا کے جدید علوم کو متعارف کرایا ہے۔ جو اپنی نوعیت کے اعتبار سے بہت منفرد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تربیتی ورکشاپ کے قیام کا مقصد طلبہ کے اندر فکری و تحریکی انداز فکر کو مزید پروان چڑھانا ہے۔

تربیتی ورکشاپ میں طلبہ نے سوال و جواب کی نشست میں سوالات بھی کیے جن کے ان کو تفصیلی جواب دیئے گئے۔ سوال و جواب کی نشست میں ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے طلبہ و تحریک کی فکری حوالے سے خصوصی بریفنگ بھی دی۔ ورکشاپ کا اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top