منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن 100 سے زائد شہروں میں اجتماعی قربانی کرے گی

مورخہ 19 دسمبر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر محمد عاقل ملک نے مرکزی قربان گاہ ٹاؤن شپ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے مرکزی سطح پر لاہور میں اور چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں اجتماعی قربانی کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ اجتماعی قربانی تحصیلی سطح تک کی جا رہی ہے اور 2000 سے 2400 جانور جن میں گائے، دنبے اور بکرے شامل ہیں قربان کئے جائیں گے اور تحریک منہاج القرآن کے ہزاروں کارکنان پورے ملک میں غرباء میں گوشت تقسیم کریں گے۔ اس موقع پر ناظم یوتھ ساجد محمود بھٹی، شمیم احمد نمبردار، توقیر اعوان اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن محمد عاقل ملک نے بتایا کہ ملک کے بڑے سرکاری ہسپتالوں کے مریضوں میں کھانا تقسیم کیا جائے گا اس کا مکمل plan بنا لیا گیا ہے۔ لاہور کے جن ہسپتالوں میں کھانا اور گوشت تقسیم کیا جائے گا ان میں جناح، گنگا رام، میو، جنرل اور گلاب دیوی ہسپتال شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے لئے ہزاروں کیمپ لگائے جائیں گے اور لاہور میں اس مقصد کے لئے 300 کیمپ لگائے جائیں گے اور تحریک کے کارکن گھر گھر جا کر کھالیں اکٹھی کریں گے۔

محمد عاقل ملک نے کہا کہ اس مرتبہ ایک لاکھ کھالیں اکٹھی کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے جسے تنظیمات کے ملک گیر نیٹ ورک تعاون سے حاصل کر لیا جائے گا۔ قربانی مہم کے لئے مرکزی سطح پر کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے سربراہ احمد نواز انجم ہونگے جبکہ دیگر ممبران میں وسیم ہمایوں، توقیر اعوان، بلال مصطفوی اور راضیہ شاہین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تنظیمات کو دیئے گئے اور ان کے حصول کو ممکن بنانے کے لئے مرکزی کھال کولیکشن کمیٹی کے تحت سب کمیٹیاں سرگرم ہو چکی ہیں۔ کارکنوں نے مختلف شہروں میں کیمپ لگانے کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات سمیت ملک بھر میں ایک سو سے زائد شہروں میں اجتماعی قربانی کی جا رہی ہے۔ پنجاب کے 57، صوبہ سرحد کے گیارہ، اندرون سندھ 10، کراچی دو اور بلوچستان چار اور کشمیر اور شمالی علاقہ جات کے چھ شہروں میں اجتماعی قربانی کی جائے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top