منہاج القرآن ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام سینکڑوں بچوں کا اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف مظاہرہ

لاہور پریس کلب کے باہر بچوں کا احتجاجی مظاہرہ مظلوم فلسطینی عوام اور معصوم بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی تھا۔

نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی، عالمی اداروں کی جانبداری، مسلم حکمرانوں کی بے حسی اور بڑی طاقتوں کے دہرے معیا ر کے خلاف منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام سینکڑوں بچوں نے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں شریک بچوں نے اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف کتبے اٹھا رکھے تھے اور وہ غزہ میں معصوم بچوں کی شہادت پر شدید احتجاج کررہے تھے۔ بچوں کا یہ احتجاجی مظاہرہ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی تھا۔ مظاہرہ میں شریک بچوں نے بڑی طاقتوں اور عالمی اداروں کے دہرے معیار اور مسلم حکمرانوں کی بے حسی کے خلاف احتجاج کرکے انسانیت پر ہونے والے مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی اچھی کاوش کی۔ بچوں نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کو ختم کرانے کیلئے بڑی طاقتیں اپنے دہرے معیار ختم کریں اور عالمی ادارے انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر پامالی کا نوٹس لے کر اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کو ختم کرائیں۔ بچوں نے مسلم ممالک کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل میں قرار داد پیش کرکے اسرائیل کو آئندہ حملے نہ کرنے کا پابند بنایا جائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی شاہد لطیف نے کہا کہ مسلم دنیا کے حکمرانوں کی بے حسی، UN اور سیکیورٹی کونسل کا دہرا معیار اور بڑے طاقتوں کی چھوٹے ممالک کیلئے استحصالی اور غیر منصفانہ پالیسیاں مشرق وسطیٰ اور عالمی امن کے قیام میں رکاوٹ ہیں۔ مسلم دنیا کو OIC کے پلیٹ فارم سے مؤثر آواز بلند کرنا ہوگی تاکہ خطے میں قیام امن کو دوام مل سکے اس موقع پر سیف اللہ بھٹی، یاسر خان، زاہد چوہدری اور علی وقار نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top