تحریک کے زیر اہتمام متاثرین غزہ کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے غزہ کانفرنس اتوار کو ہوگی

فلسطینی سفیر جیسر احمد مہمان خصوصی ہوں گے بڑے پیمانے پر مدد کیلئے قومی لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا
مذہبی و سیاسی جماعتوں، فلاحی تنظیموں، تاجروں، وکلاء اساتذہ اور دیگر مختلف تنظیموں کے عہدیداران شرکت کریں گے
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران اعلان

غزہ میں انسانی حقوق کی بد ترین پامالی جس میں 1400سے زائد افراد شہید ہزاروں زخمی اور ایک لاکھ سے زائدافراد بے گھر ہوگئے، مساجد بھی اسرائیلی درندگی سے محفوظ نہیں رہیں۔ بڑی طاقتوں اور عالمی اداروں کا دہرا معیار کھل کے سامنے آیا جو قابل مذمت ہے، مسلم حکمرانوں OIC اور عرب لیگ کی بے حسی بھی انتہائی افسوس ناک رہی۔ جنگ بندی کے بعد بے گھر فلسطینیوں کی بحالی اور غزہ کی تعمیر نو دنیا کیلئے بڑا چیلنج ہے۔ اس سلسلے میں تحریک منہاج القرآن اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 25 جنوری بروز اتوار غزہ کی تعمیر نو اور متاثرین کی بحالی کیلئے ”غزہ کانفرنس“ ہوگی، جس کے مہمان خصوصی فلسطینی سفیر جیسراحمد (JASER AHMAD) ہوں گے۔ اس بات کا اعلان تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹر شاہد محمود، انوار اختر ایڈووکیٹ، جی ایم ملک، ساجد بھٹی، پروفیسر ذوالفقار احمد اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ چونکہ غزہ میں ہونے والی تباہی اتنی زیادہ ہے کہ کسی ایک جماعت یا تنظیم کی طرف سے کی جانی والی مدد ناکافی ہے اس کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ عوام میں شعو ر بیدار کرنے اور قومی لائحہ عمل تشکیل دینے کیلئے غزہ کانفرنس بلائی جارہی ہے تاکہ فلسطینیوں بھائیوں کی مدد کیلئے ماحول سازگار بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کے ذریعے ہم تمام طبقوں کی نمائندہ سیاسی و مذہبی جماعتوں، تنظیموں، فلاحی اداروں، تاجروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ غزہ کانفرنس میں شرکت کریں اور فلسطینی بھائیوں کی مدد کیلئے آگے آئیں۔ غزہ کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین، نوجوانوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں، تاجر تنظیموں، وکلاء، اساتذہ، این جی اوز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے موثر افراد اور تنظیموں کے قائدین کو دعوت دی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ابتدائی طور پر ایک کروڑ روپے سے امدادی فنڈ قائم کیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کی اندرون اور بیرون ملک تنظیمات فلسطینی بھائیوں کیلئے مزید فنڈز اکٹھا کر رہی ہیں۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کا غیرانسانی دہشت گردانہ رویہ پائیدار امن کی راہ میں ہمیشہ سے رکاوٹ رہا ہے۔ فلسطینی عوام کا خودارادیت کا حق کئی عشروں سے بڑی طاقتوں اور اداروں کی جانبداری کے باعث معرض التوا میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل جب چاہتا ہے فلسطینی مسلمانوں کے خون سے ہاتھ رنگ لیتا ہے اور اس کی غیرقانونی غیراخلاقی اور غیرانسانی کارروائیوں کو ہمیشہ بڑی طاقتیں اور UN نظر انداز کرتی ہیں اور اسرائیل کی پشت پناہی کی جاتی ہے۔ دوسری طرف اسلامی دنیا کے حکمرانوں کی بے حسی بھی قابل افسوس ہے جو اسرائیل کے مظالم کے خلاف کسی منظم پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر آواز بلند نہیں کر سکی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top