بزم منہاج کے زیراہتمام ڈاکٹر ظہور اللہ الازھری کے اعزاز میں خصوصی تقریب
کالج آف شریعہ کی بزم منہاج کے زیراہتمام ڈاکٹر ظہور اللہ الازھری کے اعزاز میں خصوصی اعزازی تقریب 12 جنوری 2009ء کو منعقد ہوئی۔ ڈاکٹر ظہور اللہ الازھری کی پی ایچ ڈی کی تکمیل پر یہ تقریب تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدرات پرنسپل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔ منہاج یونیورسٹی کے رجسٹرار کرنل (ر) محمد احمد، شیخ الحدیث علامہ معراج الاسلام، مفتی عبد القیوم خان ہزاروی، علامہ محمد نواز ظفرچشتی، ڈاکٹر ظہور اللہ الازھری، ڈاکٹر علی اکبر الازھری، محترمہ ڈاکٹر سعدیہ نصراللہ اور کالج آف شریعہ کے دیگر اساتذہ کرام بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری سید خالد حمید کاظمی نے حاصل کی۔ سید بہادر شاہ بخاری نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت حاصل کی۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض بزم منہاج کے صدر غضنفر حسین قادری نے سرانجام دئیے۔ڈاکٹر علی اکبر قادری الازہری نے ڈاکٹریٹ کی اعلیٰ ڈگری مکمل کرنے والے منہاجینز طلبہ کا مختصر تعارف پیش کیا۔ انہوں نے منہاجینز طلبہ کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے رہنمائی کیلئے ایک تنظیم کے قیام کی تجویز دی۔ تقریب میں ڈاکٹر ظہوراللہ الازہری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میری کاوششیں اساتذہ اور والدین کے ادب و احترم اور ان کی دعاؤں کا ثمر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ادب و احترام کے ساتھ ایک تعصبانہ ماحول میں اپنے اساتذہ تک تحریک منہاج القرآن کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے بزم منہاج کا اس تقریب کے اہتمام پر شکریہ بھی ادا کیا۔
محترمہ سعدیہ نصراللہ نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور اپنی تما کامیابیوں کو حضور شیخ الاسلام کی دعاؤں کا ثمر قرار دیا۔ کالج آف شریعہ کے پرنسپل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ منہاجینز طلبہ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع بڑھتے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر ظہور اللہ الازھری سے قبل ڈاکٹر علی اکبر قادری الازہری نے بھی پی ایچ ڈی مکمل کی ہے جو کالج آف شریعہ کے طلبہ کے لیے قابل فخر اور آئیڈیل ہیں۔ اس کے علاوہ محترمہ سعدیہ نصراللہ پہلی خوش نصیب ہیں جو منہاج گرلز کالج کی طرف سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد پی ایچ ڈی مکمل کر چکی ہیں۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے پی ایچ ڈی مکمل کرنے والے طلبہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کالج آف شریعہ کے طلبہ اپنی محنت کو مزید بڑھا دیں اور علم و تحقیق کے شعبہ میں اعلیٰ مقام حاصل کریں۔
پروگرام کے اختتام پر پروفیسر محمد نواز ظفر چشتی نے ڈاکٹر ظہوراللہ الازہری کو اور رجسٹرار منہاج یونیورسٹی کرنل (ر) محمد احمد نے محترمہ سعدیہ نصراللہ کو تحائف دیئے۔ آخر میں شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام نے دعا کروائی۔
تبصرہ