بینظیر بھٹو کی شہادت پر سات روزہ سوگ کا اعلان

بینظیر بھٹو کی شہادت پر پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا تعزیتی اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا جس میں ان کی مغفرت کی دعا کی گئی اور شہادت پر 7 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے دنیا بھر اور اندرون ملک کے مراکز میں سرگرمیاں معطل کر دی گئیں۔ پارٹی کی سنٹرل ورکنگ کونسل نے بینظیر بھٹو کی جمہوریت کیلئے خدمات پر انہیں شہید جمہوریت کا خطاب دیا۔ اجلاس میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، انوار اختر ایڈووکیٹ، جی ایم ملک، احمد نواز انجم، ساجد محمود بھٹی، ڈاکٹر علی، اکبررانا محمد ادریس، فرحت حسین شاہ، جواد حامد، عبدالعزیز، حاجی منظور احمد اور دیگر مرکزی قائدین موجود تھے۔

اجلاس کے شرکاء سے کینیڈا سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ بینظیر بھٹو کا قتل جمہوریت اور ملکی سالمیت کے خلاف گھناؤنی سازش اور حملہ ہے اور یہ ملکی تاریخ کا بدترین سانحہ ہے۔ انہوں نے سانحہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس اندوہناک، سفاکانہ، بزدلانہ اور ظالمانہ اقدام کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے مرحومہ کے لواحقین، پی پی پی کے کارکنان، قائدین اور پوری قوم سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے خلاف ہونیوالی گھناؤنی سازش کا یکجہتی اور صبر کے ساتھ مقابلہ کرنا ہوگا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آج (ہفتہ) تحریک منہاج القرآن کی اندرون و بیرون ملک کی تنظیمات مرحومہ کی مغفرت کیلئے قرآن خوانی اور دعا کا اہتمام کریں گی۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ بینظیر بھٹو وفاق کی علامت اور پوری دنیا میں پاکستان کی شناخت تھیں۔ ملک اس وقت نازک ترین دور سے گزر رہا تھا اور یہ ملکی تاریخ کا بدترین سانحہ ہے۔ اس کی تحقیقات غیرجانبدارانہ ذرائع سے کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور قومی رہنماؤں کی حفاظت کی ذمہ داری حکومت پرعائد ہوتی ہے اور حکومت اس اہم ترین ذمہ داری میں ناکام ہو گئی ہے۔

جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے صاحبزادے حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اس اندوہناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے جس ملک میں سیاسی و مذہبی قائدین محفوظ نہ ہوں وہاں عوام کی جان ومال اور عزت کی حفاظت کا کیا حال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت کو توڑنے کی مذموم کوشش کی گئی ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں اتحاد و یکجہتی کا دامن تھامے رکھنا ہوگا۔ اس دردناک واقعے نے ہر دل کو تڑپا دیا ہے۔ ایسی سفاکانہ کارروائی کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top