مرکزی ناظم دعوت رانا محمد ادریس کا دورۂ بنگلہ دیش
تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی ناظم دعوت علامہ رانا محمد ادریس قادری کا دعوتی و تنظیمی دورہ بنگلہ دیش مورخہ 31 دسمبر 2008ء کو شروع ہوا۔ یہ دورہ بارہ دنوں پر مشتمل تھا۔ آپ نے بنگلہ دیش کے مختلف علاقہ جات کا وزٹ کیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی پیغام پہنچایا۔
مرکزی ناظم دعوت علامہ رانا محمد ادریس قادری ضیاء انٹرنیشنل ایئر پورٹ ڈھاکہ پر پہنچے تو منہاج القرآن بنگلہ دیش کے سرپرست صوفی میزان الرحمٰن نے آپ کا شاندار، پر تپاک اور والہانہ استقبال کیا۔ 4 بجکر 15منٹ پر جی ایم جی ایئر لائن سے شاہ امانت ایئر پورٹ چٹا گانگ کے لئے روانگی ہوئی۔ جہاں پر اُن کا ایک بار پھر پرجوش استقبال کیا گیا۔ چٹا گانگ استقبالیہ کے شرکاء میں محمد خورشید عالم، قاضی محمد احسان المرشد، جناب محمد طاہر، جناب عبد الوحید، جناب محمد علی اور جناب ابو الکلام شامل تھے۔
مرکزی ناظم دعوت رانا محمد ادریس قادری مورخہ 31 دسمبر 2008ء کو چٹاگانگ جمعیت الفلاح قومی مسجد میں خطاب کے لیے تشریف لائے تو آپ کا نعروں کی گونج میں بھرپور استقبال کیا گیا۔ شرکائے مجلس میں شہداء کربلا کمیٹی کے صدر محمود الاسلام، خطیب بنگال علامہ جلال الدین قادری، منہاج القرآن بنگلہ دیش کے سرپرست صوفی میزان الرحمن، شاہ صوفی پیر علامہ عبدالمنعم، پیر طریقت جناب نعیم الدین، منہاج القرآن کے ناظم محمد ابو الکلام، قاضی محمد احسان المرشد نے شرکت کی۔ آپ نے شان اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم پر پُرمغز خطاب سے لوگوں کے دلوں کو گرمایا۔
دورے کے دوسرے دن مورخہ یکم جنوری 2009ء کو شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس میں پروفیسر ڈاکٹر محمد منیر مسندِ صدارت کی زینت بنے۔ جبکہ علامہ رانا محمد ادریس قادری نے کانفرنس کے شرکاء سے خصوصی خطاب کیا۔ آپ نے اپنے خطاب میں اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم کی شان مبارک پر مدلّل اور بڑے حسین امتزاج سے لب کشائی کی۔ سامعین نے پرنور ساعتوں میں آپ کے ایمان افروز اور وجد انگیز خطاب کو خوب سراہا اور محبانِ اہل بیت اطہار کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر خوب محظوظ ہوا۔
دورہ کے تیسرے دن مورخہ 2 جنوری 2009ء کو جمعۃ المبارک کی نماز کی ادائیگی کے بعد آپ نے دار الہدیٰ دربار شریف کی جامع مسجد جس کی بنیاد شہزادۂ غوث الوریٰ منبع جود و سخا، واقف رموز حقیقت، زبدۃ العارفین، حجۃ الکاملین برھان الواصلین، قدوۃ الاولیاء حضور سیدنا و مرشدنا و سیدنا طاہر علاؤ الدین القادری الگیلانی البغدادی رحمۃ اللہ علیہ نے رکھی تھی، میں مختصر مگر جامع خطاب سے سامعین کے قلوب و اذہان کو گرمایا۔ بعد میں آپ نے کشتۂ عشق مصطفیٰ حضرت شاہ صوفی نور الہدیٰ القادری رحمۃ اللہ علیہ کے مزار اقدس پر انوار کی حاضری کا شرف حاصل کیا۔ اور پورے complex کا وزٹ کیا۔ آپ کے ہمراہ ابو الکلام اور قاضی محمد احسان المرشد تھے۔ بعد نماز مغرب جمعیت الفلاح جامع مسجد میں منعقدہ محفل میں آپ نے خصوصی شرکت کی۔ آپ کی آمد پر ہزاروں عشاقان اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم نے بھرپور اور شاندار نعروں کی گونج میں استقبال کیا۔ اس محفل پاک کی صدارت الحاج جناب مولانا امین الحق القادری نے کی جبکہ مہمان خصوصی میں حضرت علامہ مفتی عباس رضوی اور ممبر پارلیمنٹ جناب نور الاسلام بی ایس سی شامل تھے۔ اس کے علاوہ ثناء خوان مصطفیٰ جناب صدیق اسماعیل تھے۔
دورے کے چوتھے اور پانچویں دن بھی آپ نے جمعیت الفلاح کے زیراہتمام محفل میں جو اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم کے حوالے سے منعقد کی گئی تھیں میں شانِ اہل بیت، مقامِ اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم کے موضوع پر مدلل پرجوش خطاب کئے اور سامعین کے دلوں اہل بیت اطہار کے ذکر سے منور کیا۔
سلہٹ روانگی
حضرت علامہ شاہ صوفی حسام الدین صاحب کی دعوت پر دو محافل میں خطاب ذیشان کرنے کے لئے مرکزی ناظم دعوت علامہ رانا محمد ادریس قادری مورخہ 5 جنوری 2009ء کو صبح 6 بجے حضرت شاہ جلال رحمۃ اللہ علیہ کی نگری سلہٹ روانہ ہوئے۔ آپ کے ہمراہ خادم محمد ابو الکلام جناب قاضی محمد احسان المرشد تھے۔ بعد نماز ظہر گلاف گنج باد شری حافظیہ مدرسہ کی دوسری سالانہ جلسہ کی شاندار عظیم الشان محفل میں آپ نے ایمان افروز خطاب کیا۔ جس سے عشاقان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دلوں کو تازگی ملی۔ حضرت شاہ صوفی پھول تلی، صاحبزادہ حضرت علامہ مفتی غیاث الدین صاحب مسند صدارت کی زینت بنے۔ اُسی دن شام کو بعد نماز عشاء گوالہ بازار میں عظیم الشان شہادت امام حسین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ ہزاروں عشاقان اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم نے کانفرنس میں شرکت کی۔ مرکزی ناظم دعوت علامہ رانا محمد ادریس قادری نے شہادت امام حسین علیہ السلام کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔ جس سے سامعین و حاضرین محظوظ ہوئے۔
دورے کے ساتویں روز شام کو جمعیت الفلاح میں 10 ہزار کے جم غفیر سے آپ نے پرجوش خطاب کیا۔ اس پروگرام کی صدارت صابر حسین شاہ سری کوٹ ہری پور نے کی۔ بعد نماز مغرب جمعیت الفلاح میں عظیم الشان شہادت کانفرنس منعقد ہوئی جس میں بنگلہ دیش کے نامور جید علماء کرام مشائخ عظام مجلس کی زینت بنے۔ اور بالخصوص کویت سے تشریف لائے ہوئے السید یوسف ہاشم الرفاعی مہمان خصوصی تھے۔
بنگلہ دیش تحریکی دورے کے آٹھویں دن دس محرم الحرام جمعیت الفلاح میں علامہ رانا محمد ادریس قادری نے آخری نشست میں شہادت امام حسین علیہ السلام کے موضوع پر عظیم الشان خطاب کیا۔ کانفرنس میں شریک خواتین و حضرات کی حاضری اور داد رسی عروج پر تھی۔ پھر اسی دن چٹاگانگ میں انجمن احمدیہ سنیہ کے زیراہتمام عظیم الشان شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس انعقاد پذیر ہوئی جس میں آپ کا روح پرور خطاب ہوا۔ کانفرنس میں سامعین و حاضرین کی تعداد 30 سے 40 ہزار تھی۔ جید علماء کرام مشائخ عظام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر خطاب ذیشان سے مسرور ہوا۔
جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے بعد ناظم دعوت نے چٹاگانگ سے 50 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک اور شہر میں نماز جمعہ ادا کی۔ بعد نماز جمعہ تحریکی تنظیمی امور پر روشنی ڈالی گئی۔ یوتھ ممبران میں کثیر تعداد میں اضافہ ہوا۔ اسی دن بعد نماز مغرب منہاج القرآن انٹرنیشنل بنگلہ دیش کے سربراہ صوفی میزان الرحمن کی رہائش گاہ پر ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی آپ نے صدارت کی۔ تحریک سے محبت کرنے والے لوگوں کی کثیر تعداد نے اجلاس میں شرکت کی۔ پہلی مرتبہ بنگلہ دیش میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم دعوت نے صوفی میزان الرحمن کی سرپرستی میں تنظیم سازی کی۔ جس میں محترم خورشید صاحب ناظم، ابو الکلام نائب ناظم، قاضی محمد احسان المرشد سیکرٹری اور 15 افراد بطور ممبرز منتخب کئے گئے۔
تبصرہ