منہاج القرآن انٹرنیشنل بریڈ فورڈ کے زیراہتمام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ تقریب آج (اتوار) ہو گی۔

رپورٹ : آفتاب بیگ

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی راہنمائی میں منہاج القرآن دنیا بھر میں امت مسلمہ کو جدید و قدیم علوم سے بہرہ ور کر رہی ہے اور خود ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اپنی تحریر و تقریر کے ذریعے برطانوی و یورپی ممالک کی نوجوان نسل کے اندر ذات الٰہی اور ذات مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق کو مضبوط کرنے کے لئے دن رات جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے ممبر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے گذشتہ روز برطانیہ پہنچنے پر کیا۔ وہ خصوصی طور پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 58ویں سالگرہ کے مرکزی پروگرام میں شرکت کے لئے گذشتہ روز گلاسگو ایئرپورٹ پہنچے تو علامہ شاہد بابر، حاجی عبدالواحد رضا، محمد ریحان رضا، علامہ رفیق حبیب، طاہر محمد سمیت منہاج القرآن کے دیگر کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔

صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے برطانیہ میں منہاج القرآن کے تحت حلقہ درود اور دروس عرفان القرآن کے حلقہ جات کے قیام پر تمام اداروں کے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دلوں میں محبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور محبت اہل بیت رضی اللہ عنہم بس جانے سے انتہاء پسندی، نفرت اور فساد کی بجائے برداشت محبت اور رواداری پیدا ہوتی ہے اور امت مسلمہ کے لئے آج اس چیز کی ضرورت ہے۔ ہمیں فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کر دین حق کی سربلندی اور اس کے اصل فہم میں تبلیغ و اشاعت کو اپنا مطمع نظر بنانا چاہئے۔ انہوں نے برطانوی مسلم نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود کو جدید علوم کی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی علوم کے زیور سے بھی آراستہ کریں اور اپنے برطانوی سیاسی، سماجی اور معاشی نظام سے الگ تھلگ رہنے کی بجائے ان سرگرمیوں میں اپنا عمل دخل بڑھائیں تاکہ وہ پالیسی ساز ادارے جو اسلام کے اصل چہرے سے روشناس نہیں ہیں ان کو نہ صرف اسلام کے پیغام امن و محبت سے آگاہی دی جائے بلکہ برطانیہ و یورپ میں بسنے والے مسلمانوں کی روزمرہ کی تکالیف و مشکلات کا بھی ازالہ کیا جا سکے۔

مزید برآں آج بروز اتوار کی شام بریڈ فورڈ میں منہاج القرآن کے زیراہتمام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کی تقریب کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا ہے۔ جہاں تلاوت و نعت کے ساتھ ساتھ قوال حضرات اپنے فن کا مظاہرہ بھی کریں گے۔ تقریب کے مہمان خصوصی صاحبزادہ حسین محی الدین قادری جبکہ صدارت برطانیہ میں مرکزی صدر ابو آدم الشیرازی کریں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top