شیخ الاسلام پوری دنیا میں اسلام کے بارے میں پائے جانے والے شکوک و شبہات کو حکمت و تدبر سے دور کر رہے ہیں : علامہ حافظ محمد سعید
رپورٹ : شاہد جنجوعہ (میڈیا سیکرٹری منہاج القرآن سنٹر بریڈ فورڈ)
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسی عظیم شخصیات صدیوں بعد جنم لیتی ہیں، آپ کی ذات سے محبت اور امن کے رویے پھوٹتے ہیں اور آپ پر انوار الٰہیہ اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ایک ایسا رنگ چڑھا ہوا ہے کہ اس نے آپ کی شخصیت کے اندر حسن اخلاق کا وہ سحر پیدا کر دیا ہے کہ جو ان کے ساتھ ہو جائے وہ کبھی انہیں بھول نہیں سکتا۔ ان خیالات کا اظہار صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل بریڈ فورڈ محمد اورنگزیب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مورخہ 22 فروری بروز اتوار قائد ڈے پروگرام کے انتظامات اور مختلف کمیٹیوں کو ذمہ داریاں تفویض کرتے ہوئے ڈائریکٹر کلچرل سنٹر علامہ حافظ محمد سعید نے کہا کہ اس طرح کے پروگرامز کے انعقاد کا مقصد شیخ الاسلام کی تاریخ ساز خدمات کے مختلف پہلووں کے سامنے لانا ہے۔ آپ کردار و عمل کے پیکر ہیں اور ہر دور میں تجدید دین کا فریضہ سرانجام دینے والوں کا زیور محبت اور سلامتی کا پیغام رہا ہے۔ موجودہ دور میں شیخ الاسلام پوری دنیا میں اسلام کے بارے میں پائے جانے والے شکوک و شبہات کو حکمت و تدبر سے دور کر رہے ہیں۔ آپ نے منہاج القرآن کی صورت میں وہ عظیم تربیت گاہ قائم کر دی ہے جہاں سے ہر وقت محبت اور اس کی خیرات بٹتی ہے۔
جنرل سیکرٹری منہاج القرآن انٹرنیشنل بریڈ فورڈ راجہ منصور نے کہا کہ یہ تحریک آج دنیا کے پانچ براعظموں میں ایک ناگزیر حقیقت بن چکی ہے۔ اس قافلہ مصطفوی کے سپہ سالار کا دل اللہ کے نور سے چمکتا ہے اور آپ پر نبی کریم صلی اللہ وعلیہ وآلہ وسلم کا خاص کرم ہے کہ آپ کے ہر خطاب سے علم و حکمت اور عقل و دانش کے وہ موتی بکھرتے ہیں جو ہر خشک دل کو سیراب اور ہر بنجر زمین کو محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آباد کر دیتے ہیں۔ وائس پریذیڈنٹ منہاج القرآن بریڈفورڈ رضوان رحمٰن نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ قائد ڈے کے آئندہ اتوار پروگرام میں منہاج القرآن کا سرمایہ اور لخت جگر شیخ الاسلام نوجوان سکالر علمی اور ادبی حلقوں کی ایک نئی پہچان صاحبزادہ حسین محی الدین قادری تشریف لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرامز کا انعقاد ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔
حاجی محمد تاج چشتی آف ویکفیلڈ نے کہا کہ شیخ الاسلام کی انقلابیت، محنت، مشقت اور ریاضت ایسے مرحلے میں پہنچ چکی ہے جہاں دکھ سکھ خوشی، غمی اور پچھتاوے جیسی کیفیات کا احساس ختم ہو جاتا ہے وہ زندگی کی بہت سی منزلیں طے کر چکے ہیں۔ روحانی دنیا میں ان کا مقام بہت بلندی پر ہے اللہ ان کو عمر خضر عطا فرمائے۔ آپ کے سامنے گریٹ پاکستان کا خوبصورت تصور مسکرا رہا ہے۔ آپ فرماتے ہیں کہ اب بھی وقت ہے سب کچھ ٹھیک ہو سکتا ہے صرف عمل کی ضرورت ہے۔ آپ کا وجود شہر ستم گراں میں اک سہارا اور آپ کا عرفان القرآن خوشبو بھری بہار کا ایک جھونکا ہے۔
میڈیا سیکرٹری شاہد جنجوعہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا مادیت پرستی میں غرق ہے اور طبیعتیں دن بدن اسلام کی حلاوتوں سے دور ہو رہی ہیں ان حالات میں منہاج القرآن کے مرکز پر عظیم الشان سالانہ عالمی اعتکاف مسلمانوں کے روحانی احوال کی بازیابی اور قلبی و باطنی کیفیات کی بحالی کے ذریعے پھر انہیں پیکر صدق و صفا بنانے کی سب سے خوبصورت کاوش ہے۔
تبصرہ