منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن شبانہ روز دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے : افتخار شاہ بخاری

صحت و سلامتی کو درپیش خطرات ماضی کے مقابلے میں تیزی سے بڑھ رہے ہیں : پروفیسر ذوالفقار علی
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن حقیقی اسلامی فلاحی معاشرے کی تشکیل کیلئے جدوجہد کر رہی ہے : غلام ربانی تیمور
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ایک روزہ فری میڈیکل سٹی کیمپ میں گفتگو

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام گارڈن ٹاؤن لاہور میں ایک روزہ فری میڈیکل سٹی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ میں چائلڈ سپشلسٹ، آئی سپشلسٹ، ڈئینٹل سرجن، گائناکالوجسٹ اور مختلف امراض کے ماہر سینئر ڈاکٹرز نے خدمات انجام دیں۔ کیمپ کے افتتاح کے موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی قائم مقام ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری، تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر پروفیسر ذوالفقار علی، ناظم تحریک لاہور غلام ربانی تیمور، پیپلز پارٹی پنجاب کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ڈاکٹر حسنات احمد شاہ، علی اکبر چوہدری، حاجی محمد اسحاق ایم ایس، ڈاکٹر طارق رمضان، شیخ طارق، تاجر رہنماء چوہدری محمد صادق، ملک خادم حسین، چوہدری محمد راشد، متین خان، عابد علی اصغر، سلطان محمود چوہدری، عرفان سندھو اور دیگر نے شرکت کی اور کیمپ کا دورہ کیا۔ اس دوران شرکائے کیمپ سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار شاہ بخاری نے کہا کہ ملک کی ایک تہائی سے زائد آبادی صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام اب تک ملک بھر میں تین ہزار سے زائد میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ان فری میڈیکل کیمپس سے اب تک تیس ہزار مریض مستفید ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2500 سو سے زائد افراد کی آنکھوں کا کامیاب آپریشن کیا جا چکا ہے۔ افتخار بخاری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں فاؤنڈیشن بلا امتیاز رنگ و نسل دن رات دکھی انسانیت کی خدمت میں مصرو ف عمل ہے۔

پروفیسر ذوالفقار علی نے کہا کہ عوام صحت کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ صحت و سلامتی کو درپیش خطرات ماضی کے مقابلے میں بڑی تیزی سے بڑھتے چلے آرہے ہیں۔ ان حالات میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے فری میڈیکل کیمپس میں مریضوں کو طبی معائنے کے ساتھ ساتھ مفت ادویات کی فراہمی کا جو اہتمام کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ علامہ غلام ربانی تیمور نے کہا کہ شیخ الاسلام کی فلاحی خدمات قابل تحسین ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن تمام طبقات کو ساتھ لیکر ایک حقیقی اسلامی فلاحی معاشرے کی تشکیل کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ایک روزہ میڈیکل کیمپ میں شام تک 1200 سو سے زائد مریض مستفید ہوئے۔ کیمپ کے دوران بزرگ، خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ رہی، میڈیکل کیمپ میں جناح ہسپتال، چلڈرن ہسپتال، گنگا ہسپتال کے سینئر ڈاکٹرز شریک ہوئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top