منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بادالونا کے زیراہتمام دوسرا اوپن ڈور سیشن

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بادالونا کے زیراہتمام Open Door Session کا انعقاد مورخہ 12 فروری بروز جمعرات کیا گیا جس کا مقصد ہمسائیوں اور مقامی کمیونٹی کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانا، مسجد کے بارے تمام شکوک و شبہات کو دور کرنا اور مسجد کے خلاف قدامت پسند سیاسی جماعت پاپولر پارٹی کے بادالونا کی طرف سے کئے جانے والے منفی پراپیگنڈے کا دلائل کے ساتھ جواب دینا اور مقامی لوگوں کو اس بارے حقائق سے آگاہ کرنا تھا۔ کھلے دروازوں کے اس سیشن میں مقامی ہسپانوی و کتالان کمیونٹی، اخبارات و ٹیلی وژن کے نمائندگان، بادالونا کی شہری حکومت کے نمائندہ Josep Duran، اپوزیشن پارٹی CIU کے Josep Pere، بلدیہ بادالونا کے تکنیکی آفیسر David Torrent، حکومتی جماعت ICV کے نمائندہ Carlos، حکومتی جماعت ERC کے نمائندہ اور تمام حکومتی و اپوزیشن جماعتوں نے شرکت کی۔

اس پروگرام کی سب سے اہم بات یہ رہی کہ مزدوروں کی تنظیم CCOO کے نمائندگان نے بھی شرکت کی اور مسجد کے منصوبے کی مکمل حمایت کی۔ منہاج القرآن کی طرف سے اس پروگرام میں سرپرست منہاج القرآن سپین محمد نواز کیانی، ناظم مصالحتی کونسل محمد اقبال چودھری، سیکریٹری جنرل یوتھ لیگ احسن جاوید خان، لائبریرین یوتھ لیگ محمد نعمان، ارشد نواز، منہاج القرآن بادالونا کے صدر جہانگیر حسین، نائب صدر طاہر محمود، سیکریٹری جنرل عدنان رضا حسین اور دیگر نے شرکت کی۔ پاکستانی کمیونٹی و صحافیوں میں بادالونا کی معروف شخصیت ذوالفقار علی حشمت، ہم وطن کے نمائندہ ارشد نذیر ساحل و دیگر نے شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد ناظم مصالحتی کونسل محمد اقبال چودھری نے شرکاء کو اس اوپن ڈور سیشن میں خوش آمدید کہا اور انہیں اس کے انعقاد کا مقصد بتایا۔ انہوں نے بتایا کہ بارسلونا میں منہاج القرآن کی مسجد 1996 سے قائم ہے، مقامی کمیونٹی اور تنظیمات کے تعاون سے وہاں بین المذاھب و بین الثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے سال بھر میں مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ مسجد میں کوئی ایسا کام نہیں ہوتا جو دوسروں کے لیے تکلیف دہ ہو۔ کمپیوٹر اور پروجیکٹر پر منہاج القرآن بارسلونا کی مختلف بین الثقافتی و بین المذھبی ڈائیلاگ کی سرگرمیوں کی تصاویر دکھائی گئیں۔ بلدیہ بادالونا اور ہمسائیوں کی تنظیمات کے نمائندگان نے منہاج القرآن کی مسجد کی تعمیر میں ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

منہاج القرآن سپین کی جانب سے اس نوعیت کے پروگرامز میں یہ کامیاب ترین پروگرام تھا، جس کو مقامی اخبارات نے بھرپور کوریج دی اور مختلف TV چینلز پر براہ راست دکھایا گیا۔ اس پروگرام کا کامیاب بنانے کے لیے منہاج القرآن بارسلونا، منہاج القرآن بادالونا اور منہاج یوتھ لیگ سپین نے بھرپور محنت کی تھی۔ پروگرام کے آخر میں حاضرین کی تواضع کا اہتمام کیا گیا۔

رپورٹ : نوید احمد اندلسی
سیکریٹری جنرل منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین
نائب ناظم نشرو اشاعت منہاج یورپین کونسل

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top