منہاج مصالحتی کونسل، سپین کا قیام

بین المذاھب اور بین الثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے، دین اسلام کے بارے غلط فہمیوں کے ازالے، مقامی تنظیمات و حکومتوں کے ساتھ روابط قائم کرنے، مقامی حکومتوں سے متعلقہ پاکستانی کمیونٹی و تارکین وطن کے مسائل کو حل کرنے، پاکستانی کمیونٹی کے گھریلو مسائل میں ثالثی کا کردار ادا کرنے، جبری شادی کے خلاف شعور بیدار کرنے، مقامی قوانین پر عمل کرنے کا شعور بیدار کرنے اور اسی طرح مقامی و پاکستانی کمیونٹی کے لیے دیگر سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے ناروے میں کامیابی کے بعد بارسلونا، سپین میں بھی منہاج مصالحتی کونسل قائم کی گئی ہے۔

منہاج یورپین کونسل کے 18 جنوری کو ہونے والے اجلاس میں منہاج مصالحتی کونسل بارسلونا کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ اس اجلاس میں ناظم منہاج مصالحتی کونسل یورپ اعجاز احمد وڑائچ نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر منہاج یورپین کونسل کے قائدین نے منہاج القرآن بارسلونا کے ناظم تعلقات عامہ محمد اقبال چودھری کو منہاج مصالحتی کونسل بارسلونا کا سربراہ مقرر کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن سپین کے آئندہ اجلاس میں مزید افراد کی شمولیت سے مصالحتی کونسل کی ٹیم کو مکمل کیا جائے۔

مورخہ 15 فروری کو منہاج القرآن بارسلونا کے اجلاس میں منہاج مصالحتی کونسل بارسلونا میں مرزا محمد اکرم بیگ اور حاجی محمد نذیر اداسی کو بھی شامل کیا گیا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ مصالحتی کونسل کی ٹیم میں منہاج ویمن لیگ سے 2 خواتین اور منہاج یوتھ لیگ سے 2 نوجوانوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ اس موقع پر سیکریٹری جنرل نوید احمد اندلسی نے مصالحتی کونسل کی ٹیم میں شامل ہونے والے نئے ساتھیوں کو مصالحتی کونسل کا منشور اور اغراض و مقاصد پڑھ کر سنائے۔

امیر تحریک علامہ عبد الرشید شریفی، صدر حاجی مظہر حسین اور تنظیم کے دیگر عہدیداران نے نو منتخب افراد کو مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ مصالحتی کونسل کی ٹیم محمد اقبال چودھری کی قیادت میں اپنے اغراض و مقاصد کو احسن طریقے سے پورا کرے گی۔

یاد رہے کہ 2 سال قبل ناروے میں منہاج مصالحتی کونسل کا قیام عمل میں آیا تھا، تھوڑے ہی عرصے بعد منہاج مصالحتی کونسل اوسلو نے ناروے میں اہم مقام حاصل کر لیا۔ اس کی وجہ کونسل کی جانب سے بین المذھبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدام اٹھانا اور پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے مقامی پولیس و حکومت سے تعاون کرنا تھا۔ منہاج مصالحتی کونسل اوسلو کو 2008 میں اوسلو حکومت کی جانب سے ایوارڈ بھی دیا گیا۔ اگست 2008 میں بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے منہاج مصالحتی کونسل اوسلو کے صدر حاجی اعجاز احمد وڑائچ کو ہدایت کی کہ وہ مصالحتی کونسل کو پورے یورپ میں قائم کریں۔ قائد تحریک کے اس حکم کی تکمیل کے لئے منہاج مصالحتی کونسل ناروے کی ٹیم 2009 کے دوران پورے یورپ کا دورہ کرے گی۔

رپورٹ : نوید احمد اندلسی
سیکریٹری جنرل منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین
نائب ناظم نشرو اشاعت منہاج یورپین کونسل

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top