منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیراہتمام قائد ڈے کی تقریب

مورخہ: 06 مارچ 2009ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک (ویلبی) کے زیراہتمام مورخہ 21 فروری 2009ء بروز ہفتہ ایک عظیم الشان تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین، دانشور، علماء کرام اور سماجی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت سید محمود شاہ، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک نے فرمائی۔

مہمان خصوصی ناروے سے تشریف لائے ہوئے علامہ حسن میر قادری، امیر تحریک یورپین کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل تھے۔ علامہ عبدالستار سراج امیر تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک، ڈاکٹر محمد عطیہ سیکرٹری جنرل ڈینش مسلم یونین، علامہ قاری نور علی سیالوی ڈائریکٹر اسلامک کلچرل سنٹر آما، فاضل بھیرہ شریف، چوہدری محمد سرور، نائب صدر یورپین کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل اور کئی معززین نے شرکت کی۔

پروگرام بیک وقت تین زبانوں اردو، انگلش اور ڈینش میں ہوا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جس کی سعادت حافظ ظہیر احمد قادری نے حاصل کی۔ نقابت کے فرائض فیصل شہزاد نجیب، صدر مسلم یوتھ لیگ ڈنمارک، نرگس ظہور (ویمن یوتھ لیگ )نے بطریق احسن انجام دیئے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک (ویلبی) کی بچیوں جویریہ شاہ اور حفصہ شاہ نے حمد باری تعالیٰ پیش کی۔ اسکے بعد قصیدہ بردہ شریف کی سعادت علامہ محمد اویس قادری صاحب نے حاصل کی۔

بارگاہ اقدس صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ نعت کا شرف محمد جمیل قادری نے حاصل کیا۔ سیدی حضور شیخ الاسلام کا نعتیہ کلام پیش کیا "تیرے ہوتے جنم لیا ہوتا، پھر کبھی تو تجھے ملا ہوتا"

معزز مہمان علامہ نور علی سیالوی فاضل بھیرہ شریف نے "عصر حاضر میں علم حدیث کے فروغ میں شیخ الاسلام کا کردار" کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ فروغ علم حدیث میں شیخ الاسلام مدظلہ العالی کی لازوال خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

حلیمہ سعدیہ اُپل نے ڈینش زبان میں خطاب کیا جس میں انہوں نے حضور شیخ الاسلام مدظلہ العالی کی ہمہ جہت شخصیت کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کے ساتھ تعلق کی اہمیت کو واضح کیا۔

مسلم یوتھ لیگ ڈنمارک کے ایگزیگٹو ممبر حبیب الرحمان نے بھی ڈینش میں خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کا تعارف پیش کیا۔ اس کے بعد حضور شیخ الاسلام مدظلہ العالی کی امن عالم کے بارے میں کی گئی عالمی سطح پر کاوشوں پر مشتمل ایک ڈاکومینٹر ی فلم دکھائی گئی جس پر سب حاضرین خوب محظوظ ہوئے اور اس کو خوب سراہا۔

اس کے بعد ناروے سے تشریف لائے ہوئےمہمان خصوصی علامہ حسن میر قادری، امیر تحریک یورپین کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل نے "حضور سیدی شیخ الاسلام وارث نور" کے موضوع پر خطاب فرمایا۔ انہوں نے کہا "نور خدا کے مظہر کامل تاجدار کائنات حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں اور سب انبیاء اسی نور کی کرنیں ہیں۔ اس طرح سب صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین نور مصطفیٰ کی کرنیں ہیں۔ کل امت کے اولیاء بھی اسی نور کی شمعیں ہیں۔ دور حاضر میں حضور سیدی شیخ الاسلام مدظلہ العالی اولین و آخرین کے کمالات و انوار کے جامع اور وارث ہیں۔"

پروگرام کے آخر میں حضور سیدی شیخ الاسلام مدظلہ العالی کی سالگرہ کی مناسبت سے معزز مہمانان گرامی ڈاکٹر عطیہ، علامہ حسن میر قادری، علامہ عبدالستار سراج، علامہ اویس قادری، سید محمود شاہ اور دیگر مرکزی قائدین ڈنمارک نے سالگرہ کا کیک کاٹا۔

سویڈن سے تشریف لائے ہوئے مہمان علامہ حافظ حسن اعوان نے پروگرام کے اختتام پر خصوصی دعا کی۔ پروگرام کے اختتام پر مہمانوں اور حاضرین کو کھانا بھی پیش کیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top