قائد ڈے تقریب و درس قرآن
شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ العالی کی 58ویں سالگرہ کے موقع پر تحریک منہاج القرآن پاکپتن شریف کے زیراہتمام قادری ڈیرہ پر درس قرآن بسلسلہ قائد ڈے کے حوالے سے ایک تقریب 17 فروری 2009ء کو بعد نماز عشاء منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں تحریک کے جملہ فورمز کے عہدیداران و کارکنان نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا۔ نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت منہاج نعت کونسل کے صدر جناب محمد اظہر فریدی اور نائب صدر محمد مبشر طہٰ نے حاصل کی جبکہ ملک کے مشہور و معروف نعت خوان جناب محمد شہباز قمر فریدی نے شیخ الاسلام کا لکھا ہوا کلام پڑھا۔
مرکزی نائب ناظم دعوت علامہ علی اختر اعوان نے درس قرآن بسلسلہ سیرت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اپنے منفرد انداز میں روشنی ڈالی اور شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ العالی کی خدمات پر سیر حاصل گفتگو کی اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود و سلام کے نذرانے پیش کئے۔ سٹیج کو بڑی خوبصورتی کے ساتھ فلیکس شیٹوں سے سجایا گیا۔ تقریب میں مشن سے وابستہ افراد کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور حاضرین کو لنگر پیش کیا گیا اور شیخ الاسلام کی صحت و درازی عمر کی دُعا کی گئی۔
مشعل بردار جلوس بسلسلہ جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
تحریک منہاج القرآن پاکپتن شریف کے زیراہتمام سالانہ عظیم الشان مشعل بردار جلوس بسلسلہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و استقبال ربیع الاول شریف مورخہ 2 ربیع الاول 28 فروری 2009 بروز ہفتہ بعد نماز مغرب دربارحضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر سے نکالا گیا۔ شرکاء جلوس نے الیکٹرونک مشعلیں، جھنڈے، کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ سارے راستے درود و سلام اور آمد مصطفیٰ مرحبا مرحبا کا ورد ہوتا رہا۔ جلوس میں تحریک کے تمام فورمز نے بھرپور نمائندگی کی۔ موٹر سائیکلوں کی کثیر تعداد جلوس میں شامل تھی۔ سابقہ سالوں کی نسبت اس مرتبہ لوگوں کی تعداد زیادہ تھی۔ جلوس چوک چٹی قبر، ٹاؤن ہال چوک، نگینہ چوک، کالج روڈ اور منھاج القرآن چوک سے ہوتا ہوا بجلی چوک پر پہنچا۔ جہاں درود و سلام کا ورد ہوا۔
الحاج رانا منظور علی صدر تحریک منھاج القرآن پاکپتن شریف اور چودھری محمد حماد حسین صدر منھاج القرآن یوتھ لیگ پاکپتن شریف نے سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور دعا کے ساتھ جلوس کا اختتام ہوا۔
تبصرہ