منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے زیراہتمام آریزو میں جشن عید میلاد النبی (ص)

مورخہ: 08 مارچ 2009ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے زیراہتمام آریزو میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مذہبی عقیدت و احترام اور جوش وخروش کے ساتھ منائی گئی۔ بروز اتوار 8 مارچ کو منہاج القرآن آریزو تنظیم کی جانب سے Hotel Etrusco میں ایک شاندار پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام میں میں منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی نے پہلی بار مسلمان بھائیوں کے علاوہ اہم سرکاری عہدیداران، سماجی کارکن اور مقامی چرچ کے پادری کو بھی مدعو کیا تاکہ اٹلی کے لوگوں میں مسلمانوں کے خلاف منفی اثرات کو ختم کیا جائے۔ اس موقع پر آنے والے اٹالین مہمانوں نے اس خوبصورت پروگرام کو سراہا۔ اس کے علاوہ آریزو اور نزدیکی علاقوں سے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

پروگرام میں مرکزی تنظیم کی جانب سے صدر منشاد احمد گوندل، ناظم سمیع اللہ وڑائچ، ناظم مالیات احمد رضا وڑائچ، ڈائریکٹر اٹلی علامہ سید مصطفیٰ مشہدی، حاجی طارق اور مرزا امتیاز نے خصوصی شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن حکیم سے ہوا جس کی سعادت قاری عبدالعزیز نے حاصل کی۔ اس کے بعد حاجی طارق، کامران مجید، ظفر اقبال، یاسر امتیاز اور حاجی عمران نے مدحت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت حاصل کی۔ اس کے بعد قاری ممتاز نے مختصر الفاظ میں میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

محفل کے شرکاء سے کارپی سے آئے ہوئے مہمان خصوصی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شاگرد رشید علامہ سید غلام مصطفیٰ مشہدی نے خصوصی خطاب کیا۔ جس کا مفہوم اٹالین زبان میں ناظم منہاج القرآن انٹرنیشنل سمیع اللہ وڑائچ نے اٹالین مہمانوں کے لئے پیش کیا۔ تاکہ مہمانوں کو بھی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کا تعارف کروایا جائے۔ اس موقع پر مقامی پادری ڈان انجل نے بھی اپنا اظہارخیال پیش کیا۔ انہوں نے منہاج القرآن کی اس خوبصورت کوشش کو سراہا۔

محفل کے اختتام پر علامہ سید غلام مصطفیٰ مشہدی، منشاد احمد گوندل اور پادری ڈان انجل نے مل کر میلاد کا خوبصورت کیک کاٹا۔ آخر میں تمام شرکاء کیلئے ضیافت میلاد کا بھی اہتمام تھا۔

رپورٹ: شکیل احمد (ناظم نشرواشاعت اٹلی)
مرتب: میاں اشتیاق (سیکرٹری امورخارجہ)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top