منہاج القرآن انٹرنیشنل والسال کے زیراہتمام امن اور اتحاد کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل والسال اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن برطانیہ کے زیراہتمام ٹاؤن ہال والسال میں ’’ امن اور اتحاد‘‘ کے نام سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپریم کونسل کے ممبر صاحبزادہ حسین محی الدین القادری مہمان خصوصی تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور اس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی گئی۔ پروگرام میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض منہاج القرآن برطانیہ کے جنرل سیکرٹری طاہر محمد نے سرانجام دیئے۔

اس موقع پر صاحبزادہ حسین محی الدین القادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ منہاج القرآن کے کارکن دنیا بھر کے سو سے زائد ممالک شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری کی عظیم قیادت میں دین اسلام کے عظیم امن وسکون کے پیغام کوعام کرنے کیلئے دن رات جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر عالمی سازشوں کے ہاتھوں اسلام کو بدنام کرنے کی سازش کررہے ہیں لیکن ہم دنیا بھر کے غیر مسلموں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ اسلام امن و سکون، برداشت، سماجی و معاشی عدل وانصاف اور مرد و خواتین کے برابری کے حقوق کا عامل دین ہے جس میں تنگ نظری، بنیاد پرستی یا دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں اور یہی وہ پیغام ہے جو نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم وحی کی صورت میں لے کر دنیا میں لے کر آئے۔ حسین محی الدین نے کہا کہ اُمت مسلمہ اپنے اتحاد و اتفاق سے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہء حسنہ کو اپناتے ہوئے برطانیہ اور یورپ میں نوجوان نسل کی ایسی تعلم و تربیت کریں کہ جن کے معاشرے میں کردار سے دین اسلام کے ساتھ ساتھ ملک وقوم کا بھی نام روشن ہو۔

صاحبزادہ حسین محی الدین القادری نے اسلامی تاریخ کے حوالوں سے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زندگی کے کئی واقعات کا ذکر کیا جن میں ان کا غیر مسلموں سے ملنا جلنا اور برتاؤ کا انقلابی ذکر تھا۔ برطانوی ممبر پارلیمنٹ بروس جارج نے اپنے خطاب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہر القادری سے اپنی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ منہاج القرآن کے ذریعے مغرب میں اسلام کے حقیقی پیغام کو احسن طریقے سے عام کررہے ہیں اور اس بات کا کوئی شک نہیں کہ اسلام میں اکثریت امن پسند اور اہل محبت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند شرپسند عناصر کی حرکات کو اجتماعی سطح پر کسی دین یا کمیونٹی سے نتھی نہیں کیا جاسکتا۔ لارڈ میئر والسال کونسلرٹام اینسل نے کہا کہ برطانیہ میں مسلمان، عیسائی اور دیگر مذاہب کے درمیان مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور کوئی سازش مقامی کمیونٹی کوتقسیم کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکتی۔ کونسلر کلائیو اکٹ نے منہاج القرآن کی جانب سے بین المذاہب اور مختلف رنگ و نسل کے درمیان برداشت اور اتحاد کی کوششوں کوخراج تحسین پیش کیا۔

پاکستانی قونصلر (برمنگھم) عارف محمود چوہدری، مسز شہناز مظہر الحق پاکستان ہائی کمیشن لندن کی نمائندہ، جسٹس آف پیس کے فل ہوم، PPP برطانیہ کے ہیومین رائٹس کے کوآرڈینیٹر وحید راہب، ڈیفنس اکیڈمی برطانیہ کے زاہد نواز، سکھ کمیونٹی راہنماء مسٹر ماوی سنگھ، کونسلر محمد منیر، لوکل گورنمنٹ برطانیہ کے سینئر ایڈوائزر مقصود احمد، پاکستان عوامی تحریک کے وائس چیئرمین آغامرتضیٰ پویا، چیئرمین ملٹی فیھ فورم آفتاب نواز، فادر مولی چٹ ونڈو، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ ابو احمد الشیرازی نے بھی خطاب کیا، مقررین نے کہا کہ ہمیں ایسے اقدامات سے کنارہ کشی اختیار کرنی چاہیے جو کمیونٹی میں بداعتمادی اور نااتفاقی پیدا کرتے ہیں، ہمیں ایک دوسرے کے مذہب، رنگ و نسل اور کلچر کو سیکھنے کے لیئے تگ و دو کرنی چاہیے۔

مقررین نے منہاج القرآن کے مراکز میں کرسمس کے تہواروں کی تقاریب منعقد کر کے جرات مندانہ قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدام سے تنگ نظری اور بنیاد پرستی کے بت پاش پاش کردیا جائے گا اور دیگر مذہب کے پیروکاروں سے بھی یہی اُمید کی جاتی ہے کہ وہ مسلمانوں کے تہواروں کو بھی نہ صرف کمیونٹی میں روشناس کروائیں گے بلکہ ان کو اپنے مراکز میں منانے کا بھی اہتمام کریں گے۔

مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پالیسی ساز ادارے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے کمیونیٹیز کے درمیان بداعتمادی اور بے انصافی کا خاتمہ کرتے ہوئے رنگ و نسل اور مذہبی تفریق کا خاتمے کے لئے حقیقی عملی اقدامات کریں۔ کانفرنس کے منتظمین کی جانب سے فرحان الصبح، علامہ انوار المصطفیٰ ہمدمی، شکیل احمد، صغیر اختر، منہاج یوتھ لیگ کی سسٹر امبرین، سسٹر ایمی ویلسن اور علامہ رمضان قادری نے تمام مہمانوں و شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور پروجیکٹر کے ذریعے منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی عالمی بے مثال خدمات اور اقدامات پرروشنی ڈالی۔

رپورٹ: محمد آفتاب بیگ (سیکرٹری میڈیا منہاج القرآن انٹرنیشنل، برطانیہ)
مرتب: میاں محمد اشتیاق (سیکرٹری امورخارجہ)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top