عوام کی نگاہیں سپریم کورٹ کے آنے والے فیصلوں پر لگی ہیں : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

مورخہ: 22 مارچ 2009ء

آزاد عدلیہ کے درست فیصلے ہی عوام کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتے ہیں

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ وکلاء کی تاریخی جدوجہد کے نتیجے میں چیف جسٹس کی بحالی کے بعد اب اعلیٰ عدلیہ پر بہت بھاری ذمہ داری آن پڑی ہے۔ ملک جن گھمبیر مسائل کا شکار ہے ان حالات میں آزاد عدلیہ کے درست فیصلے ہی عوام کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتے ہیں۔ عوام کی نگاہیں سپریم کورٹ کے آنے والے فیصلوں پر لگی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی اور انتظامیہ کی غیر جانبداری کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ ادارے مضبوط ہوں گے تو ملک کا آئین محفوظ ہوگا وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ کی قیادت میں جنوبی پنجاب سے آئے پارٹی رہنماؤں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے اس موقع پر ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیاں شخصیا ت کی بجائے اپنے اندر حقیقی جمہوریت کو لائیں تو اس کے اثرات عوام تک پہنچے گے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل سے نجات دلانے کیلئے حکومت عوامی توقعات کے مطابق پالیسیاں تشکیل دے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی محاذ آرائی کبھی بھی عوام اور ملک کے مفاد میں نہیں رہی اس لیے سیاسی مسائل کو جلد حل کرکے عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top