دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ قرار دینا پاکستان کے خلاف گہری سازش کا حصہ ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ امریکی خفیہ ایجنسیوں اور دیگر مغربی ممالک کی طرف سے پاکستان کو دہشت گردی کا گڑھ اور دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ قرار دینا پاکستان کے خلاف ایک گہری سازش کا حصہ ہے۔ لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ پاکستان کے ارباب اقتدار اور سیاست دان اس صورت حال کو کلیتاً نظر انداز کرتے ہوئے اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف ہیں یہ موقع ایسا ہے کہ پوری قوم اتحاد و اتفاق کے ساتھ ان بیرونی سازشوں کا مقابلہ کرے۔ وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف پاکستان کو دہشت گرد ریاست قرار دینے کی تیاری مکمل کی جارہی ہے تو دوسری طرف بھارت کی طرف سے پاکستان کے آبی ذخائر پر قبضہ کرکے مستقبل قریب میں پاکستان کو صحرا میں تبدیل کرنے کی بنیاد رکھی جاچکی ہے۔ بے روز گاری، مہنگائی، بڑھتی ہوئی غربت، امن امان کی ناگفتہ بہ صورتحال، بجلی پانی اور دیگر ضروریات زندگی کی عدم دستیابی پاکستان کے داخلی مسائل ہیں جو قومی سالمیت کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں۔ ان دگرگوں حالات میں پاکستانی قوم کو اتحاد، یگانگت، قومی یکجہتی اور ملی بیداری کی منزل کی طرف لے جانا قیادت اور رہنماؤں کی بنیادی ذمہ داری ہے مگر افسوس کہ اپنے ذاتی مفادات کی جنگ اور انا کے بت کی پرستش میں ان مسائل کے حل اور بیرونی سازشوں کے مقابلے کیلئے قومی لائحہ عمل کا تعین کیا جارہا ہے اور نہ ہی اس صورتحال پر پوری قوم کو اعتما د میں لیا جا رہا ہے۔
تبصرہ