پاکستان بھر میں دروس قرآن و حدیث کے ذریعے علم کی شمع روشن کریں گے : سید فرحت حسین بخاری

مورخہ: 27 مارچ 2009ء

علماء کو منظم کرکے اخلاقی، روحانی اور معاشرتی انقلاب پیدا کریں گے : سید فرحت حسین بخاری

مرکزی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل فرحت حسین شاہ نے کہا کہ اخلاقی، روحانی اور معاشرتی ماحول کو دین اسلام سے ہم آہنگ کرنے کیلئے علماء کو منظم ہوکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور علم کی ایسی شمع روشن کرنا ہوگی جس کے ذریعے تنگ نظری، ہٹ دھرمی اور دہشت و وحشت کی ساری گرد چھٹ جائے۔ تحریک منہاج القرآن کے سیکرٹریٹ میں لاہور بھر کے ٹاؤن کے تنظیمی ذمہ داران علماء کرام کی کثیر تعداد نے گزشتہ روز شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹاؤن اور یونین سطح کے علماء کرام کو تنظیمی نیٹ ورک میں شامل کرکے وطن عزیز کی تمام مساجد میں دروس قرآن و حدیث کا اہتمام کیا جائے گا۔ اجلاس میں شریک تمام علماء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ شب و روز کی جہد مسلسل سے علماء کے درواز ے پر دستک دیں گے اور "نکل کر خانقاہوں سے ادا کر رسم شبیری" کیلئے انہیں تیار کریں گے اور وہ دن دور نہیں جب دینی اقدار اور اسلامی شعائر کا دفاع اور ترویج و اشاعت کیلئے ملک بھر کے علماء کو اس قافلے کا ہمسفر بنا لیا جائے گا۔ اجلاس میں علامہ مولانا حاجی امداد اللہ خان قادری صدر پنجاب، علامہ میر محمد آصف اکبر ناظم پنجاب، علامہ محمد حسین آزاد الازہری، علامہ عبدالعزیز فیضی، علامہ محمد رفیق قادری، قاری ذوالفقار علی مجددی، علامہ غلام مرتضیٰ نوری، قاری محمد اکرم فیضی اور حافظ امام بخش سیالوی کے علاوہ کثیر تعداد نے شرکت کی اور کہا کہ وہ دینی علوم کا نور عام کرنے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اجلاس کے اختتام پر علماء کرام کو حدیث مسلسل بالمصافحہ کی اسناد بھی پیش کی گئیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top