دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں یہ انسانیت کے قاتل ہیں : شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری
مناواں پولیس ٹریننگ سنٹر پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ مٹھی بھر دھشت گردوں نے ملک میں خوف و ہراس پھیلایا ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دھشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں اور یہ انسانیت کے قاتل ہیں اور حکومت کو ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا دہشت گردوں کا پولیس جیسے ادارے پر حملہ گہری سازش ہے وہ ملک میں عدم تحفظ کا شدید احساس پیدا کر کے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی رٹ پر براہ راست حملہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پر پولیس اہلکاروں کا شہید کیا جانا ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ عوام کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے والے خود دھشت گردی کا شکار ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ان حملوں میں بیرونی ہاتھ کے ملوث ہونے سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ ملک دشمن عناصر ملک کو داخلی طور پر کمزور کر کے اس کی یکجہتی اور سالمیت کے خلاف سازش کر رہے ہیں، جسے پوری قوم کو مل کر ناکام بنانا ہوگا۔
تبصرہ